• KHI: Fajr 5:27am Sunrise 6:46am
  • LHR: Fajr 5:04am Sunrise 6:27am
  • ISB: Fajr 5:11am Sunrise 6:36am
  • KHI: Fajr 5:27am Sunrise 6:46am
  • LHR: Fajr 5:04am Sunrise 6:27am
  • ISB: Fajr 5:11am Sunrise 6:36am

پاکستان کو دوسرے ٹی20 میں یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست

شائع April 12, 2021
بابر اعظم نے 50 گیندوں پر 50 رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو بشکریہ پی سی بی
بابر اعظم نے 50 گیندوں پر 50 رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو بشکریہ پی سی بی
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹںگ کا فیصلہ کیا ہے— فوٹو بشکریہ پی سی بی
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹںگ کا فیصلہ کیا ہے— فوٹو بشکریہ پی سی بی

جنوبی افریقہ نے پاکستان کو دوسرے ٹی20 میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد باآسانی 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

جوہانسبرگ میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹی20 میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو پہلے باؤلنگ کی دعوت دی۔

پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز تو میچ کی پہلی ہی گیند پر گزشتہ میچ کے مرد میدان محمد رضوان بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے۔

شرجیل خان نے چھکا لگا کر خطرناک عزائم ظاہر کرنے کی کوشش کی لیکن 12 گیندوں پر 8 رنز بنانے کے بعد وہ بھی جیارج لنڈے کو وکٹ دے بیٹھے۔

10 رنز پر دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان بابراعظم کا ساتھ دینے تجربہ کار محمد حفیظ آئے اور دونوں نے 58 رنز کی شراکت قائم کر کے ابتدائی نقصان کا ازالہ کرنے کی کوشش کی۔

قومی ٹیم کو تیز رفتاری سے رنز بنانے میں مشکلات پیش آتی رہیں اور جارحانہ کھیل کی کوشش میں حفیظ 6 چوکوں سے مزین 32 رنز بنا کر چلتے بنے۔

نوجوان حیدر علی کی اننگز 12 رنز پر محیط تھی جبکہ فہیم اشرف بھی صرف 5 ہی رنز بنا سکے۔

بابر اعظم نے ایک مرتبہ پھر ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی لیکن پوری اننگز کے دوران وہ جدوجہد کرتے نظر آئے اور بالآخر 50 گیندوں پر 50 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

حسن علی نے لگاتار دو چھکے لگائے لیکن دوبارہ اسی کوشش میں تیزی گیند پر باؤنڈری پر کیچ دے بیٹھے۔ پاکستان نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے لیزاد ولیمز اور لنڈے نے تین، تین جبکہ تبریز شمسی اور سیسانڈا مگالا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی اوپنرز نے جارحانہ انداز اپنایا اور اپنی ٹیم کو 44 رنز کا شاندار آغاز فراہم کر کے جیت کی بنیاد رکھی۔

جنوبی افریقہ کو پہلا نقصان جینمن ملان کی شکل میں اٹھانا پڑا جو 15 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کو دوسری وکٹ کے لیے بھی زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور ویہان لوبے 12 رنز بنا کر چلتے بنے۔

ایڈن مرکرم نے لگاتار دوسرے میچ میں نصف سنچری اسکور کی اور کپتان ہنری کلاسن کے ساتھ مل کر اسکور کو 88 تک پہنچا دیا۔

ابھی میزبان ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ پیٹ وین بلجون بھی صرف دو رنز بنا کر عثمان قادر کی دوسری وکٹ بن گئے۔

اس موقع پر قومی ٹیم کی میچ میں واپسی کی موہوم سی امید پیدا ہوئی تھی لیکن کلاسن اور جیارج لنڈے نے اپنی ٹیم کو باآسانی ہدف تک رسائی دلا دی۔

دونوں کھلاڑیوں نے 49 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کر کے جنوبی افریقہ کو 6 اوورز قبل ہی چھ وکٹوں کی فتح سے ہمکنار کرا کے سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

کلاسن نے 36 اور لنڈے نے 20 رنز بنائے اور انہیں بہترین باؤلنگ کے بعد جارحانہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا ٹی20 میچ 14 اپریل کو کھیلا جائے گا۔

میچ کیلئے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

پاکستان: بابر اعظم(کپتان)، شرجیل خان، حیدر علی، محمد رضوان، محمد حفیظ، محمد نواز، فہیم اشرف، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، عثمان قادر اور محمد حسنین۔

جنوبی افریقہ: ہنری کلاسن(کپتان)، جینمن ملان، ایڈن مرکرم، پیٹ وین بلجوئن، ویہان لوبے، جیارج لنڈے، ایندائل فلکوایو، سیسانڈا مگالا، بیورن ہینڈرکس، لیزاڈ ولیمز، تبریز شمسی۔

کارٹون

کارٹون : 10 نومبر 2024
کارٹون : 8 نومبر 2024