• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

نیوزی لینڈ میں اتنی فورس نہیں ہوگی، جتنی کیویز کو یہاں سیکیورٹی ملی، شیخ رشید

شائع September 20, 2021
انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ کسی ٹیم کو فوج کی سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے—فوٹو: ڈان نیوز
انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ کسی ٹیم کو فوج کی سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے—فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہِ پاکستان پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ نے نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کو سیکیورٹی فراہم کرنے کی منظوری دی تھی، کیویز میں اتنی فورسز نہیں ہوں گی جتنی انہیں یہاں سیکیورٹی فراہم کی گئی تھی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ 'پہلی مرتبہ کسی ٹیم کو فوج کی سیکیورٹی فراہم کی گئی‘۔

'ایک سے زائد پاسپورٹ رکھنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن'

علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ 31 اکتوبر تک دو پاسپورٹ یا دو شناختی کارڈ رکھنے والوں کو رعایت ہوگی کہ اس دوران وہ فیصلہ کرلیں کہ کون سا پاسپورٹ یا شناختی کارڈ رکھنا ہے اور کون سا منسوخ کروانا ہے۔

مزید پڑھیں: 15 چینی عہدیدار داسو واقعے کی تحقیقات کا حصہ ہیں، شیخ رشید

انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں سمری کابینہ کو ارسال کردی گئی ہے جس کی منظوری اور مقررہ تاریخ کے بعد کریک ڈاؤن شروع ہوجائے گا۔

وفاقی وزیر شیخ رشید نے بتایا کہ صوبوں کی درخواست پر چہلم امام حسین کے موقع پر موبائل فون سروس معطل رہے گی جبکہ 19 اور 20 صفر کو فوج، رینجرز، نیم فوجی دستے بھی امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے تعینات کیے جائیں گے۔

شیخ رشید نے بتایا کہ مردم شماری کے مطابق اسلام آباد میں 50 کے بجائے 100 وارڈز پر انتخابات ہوں گے، اس حوالے سے کابینہ سے منظوری مل چکی ہے۔

’بلاگر بلال خان کے قاتل کو گرفتار کرلیا گیا‘

انہوں نے بتایا کہ جون 2019 میں قتل ہونے والے بلاگر بلال خان کے کیس میں پیش رفت ہوئی ہے اور پولیس نے بلال خان کے قاتل کو گرفتار کرلیا ہے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نے زور دیا کہ اسلام آباد میں قتل ہونے والے بلاگر پر بعض طبقوں نے اس واقعے کی ذمہ داری ایجنسیوں پر عائد کی تھی لیکن قتل کی اصل وجہ مذہبی عقائد تھے۔

مزید پڑھیں: سیکیورٹی خدشات: شیخ رشید کا چمن بارڈر بند کرنے کا عندیہ

محمد بلال خان پر وفاقی دارالحکومت کے علاقے جی نائن فور (G-9/4) میں حملہ کیا گیا تھا جس میں بلاگر جاں بحق جبکہ ان کا دوست احتشام زخمی ہوگئے تھے۔

واضح رہے کہ بلاگر محمد بلال خان اسلامک یونیورسٹی میں شریعہ فکیلٹی کا طالبعلم تھا۔

'مولانا عبدالعزیز کے ساتھ مذاکرات کا عمل جاری ہے'

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ مولانا عبدالعزیز کے ساتھ مذاکرات کا عمل جاری ہے کیونکہ ہم اسلام آباد میں پرامن ماحول کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مولانا العزیز کے خلاف متعدد مقدمات درج ہیں اور اسی لیے ان سے مسلسل رابطے میں ہیں لیکن وہ ہر دوسرے روز ایک نیا مسئلہ کھڑا کردیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں کم و بیش 511 مدارس ہیں، ان تمام مدارس میں سے صرف ایک کے ساتھ مسئلہ ہے، ہماری انتظامیہ اور متعلقہ لوگ ان سے مذاکرات کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ چند روز قبل جامعہ حفصہ کی چھت پر افغان طالبان کے جھنڈے لہرائے جانے کے بعد مولانا عبدالعزیز، ان کے ساتھیوں اور طلبا کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ (اے ٹی اے) اور پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔

علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ نے تنظیم کا نام لیے بغیر کہا کہ ’تصفیہ طلب مسائل پر بات کرنے کی کوشش مذہبی تنظیم کے ساتھ کی تھی لیکن اس کا نتیجہ اچھا نہیں نکلا، ہماری کوشش ہے کہ معاملات احسن طریقے سے حل ہوں‘۔

'اپوزیشن شیشے کے کمروں میں بیٹھ کر وزارت داخلہ پر پتھر نہ برسائیں'

شیخ رشید نے نیوزی لینڈ کے دورہِ پاکستان پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ نے نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کو سیکیورٹی فراہم کرنے کی منظوری دی تھی، اپوزیشن شیشے کے کمروں میں بیٹھ کر وزارت داخلہ پر پتھر نہ برسائیں۔

یہ بھی پڑھیں: گوادر اور کوئٹہ حملوں میں ملوث دہشت گرد افغانستان سے آئے تھے، شیخ رشید

انہوں نے کہا کہ ’نیوزی لینڈ میں اتنی فورسز نہیں ہوں گی جتنی انہیں یہاں سیکیورٹی فراہم کی گئی، پہلی مرتبہ کسی ٹیم کو فوج کی سیکیورٹی فراہم کی گئی‘۔

ان کا کہنا تھا کہ یہاں سری لنکا کی ٹیم سمیت دیگر ممالک کے ٹیمیں آئیں لیکن کوئی مسئلہ نہیں ہوا۔

خیال رہے کہ نیوزی لینڈ 2003 کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کررہا تھا اور اس کا دورہ منسوخ کرنے کے بعد انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے بھی اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے اکتوبر کے دورہ پاکستان کے بارے میں حتمی فیصلہ آئندہ چند دنوں میں کریں گے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ون ڈے میچز کے بعد لاہور میں 5 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جانے تھے۔

'بھارتی میڈیا کے پاس صرف شیخ رشید اور طالبان موضوع رہ گئے ہیں'

بھارت سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ نئی دہلی کے میڈیا کے پاس صرف دو ہی موضوع ہیں ایک شیخ رشید اور دوسرا طالبان، بھارت ایک ماہ سے ہمارے خلاف پرویپگنڈا کررہا ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ بھارت کو افغانستان میں سبکی ہوئی ہے کیونکہ نئی دہلی کا ماسٹر پلان ناکام ہوا ہے اور اب وہ افغانستان میں اپنی ناکامی کا ملبہ پاکستان پر ڈالنا چاہتا ہے اور بھارت کو کیا تکلیف ہے اگر شیخ رشید بارڈر کا دورہ کرے؟

وفاقی وزیر داخلہ نے افغانستان سے متعلق کہا کہ سرحدیں محفوظ ہیں اور اس بات کی مکمل تردید کرتا ہوں کہ پاکستان میں کوئی افغان مہاجرین کیمپ نہیں بنائے گئے، جب افغانستان چاہیے تو پاکستان میں پہلے سے موجود افغانیوں کو واپس بھیجنے کی بات شروع کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024