• KHI: Zuhr 12:22pm Asr 4:41pm
  • LHR: Zuhr 11:53am Asr 4:09pm
  • ISB: Zuhr 11:58am Asr 4:13pm
  • KHI: Zuhr 12:22pm Asr 4:41pm
  • LHR: Zuhr 11:53am Asr 4:09pm
  • ISB: Zuhr 11:58am Asr 4:13pm

بھارتی ایجنٹ کلبھوشن یادیو پر بنی فلم ’ڈھائی چال‘ کا پہلا گانا ریلیز

شائع September 7, 2022
فلم کو رواں  برس ریلیز کیے جانے کا امکان ہے—اسکرین شاٹ
فلم کو رواں برس ریلیز کیے جانے کا امکان ہے—اسکرین شاٹ

بھارت کی پاکستان میں مداخلت اور بلوچستان سے گرفتار کیے گئے بھارتی ایجنٹ کلبھوشن یادیو کی دہشت گرد کارروائیوں پر بنائی گئی فلم ’ڈھائی چال‘ کا پہلا گانا ریلیز کردیا گیا۔

’ڈھائی چال‘ کا پہلا گانا ’نکلو پاکستان کی خاطر‘ یوم دفاع کے موقع پر ریلیز کیا گیا، جس میں فلم کے مرکزی کرداروں کو دکھایا گیا ہے۔

’نکلو پاکستان کی خاطر‘ کو ساحر علی باگا نے گایا ہے، جس میں پاکستان کے گمنام ہیروز کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔

گانے میں فلم کے مرکزی کرداروں کی جھلکیاں بھی دکھائی گئی ہیں، گانے سے پہلے رواں برس مارچ میں فلم کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے رواں برس ہی ریلیز کرنے کا عندیہ دیا گیا تھا، تاہم اس کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا تھا۔

ڈھائی چال‘ کو تین سال قبل 2019 میں بنانے کا اعلان کیا گیا تھا اور امکان تھا کہ اسے 2020 کی پہلی سہ ماہی میں ریلیز کردیا جائے گا، تاہم ایسا نہ ہوسکا تھا۔

اطلاعات تھیں کہ فلم کو جون 2022 میں ممکنہ طور پر ریلیز کیا جائے گا، تاہم مختلف وجوہات کی بنا پر اس کی نمائش مؤخر کردی گئی تھی۔

ہدایت کار تیمور شیرازی کی فلم کی کہانی فرحین چوہدری نے لکھی ہے جب کہ اسے ڈاکٹر عرفان اشرف نے پروڈیوس کیا ہے۔

ہمایوں اشرف، عائشہ عمر، شمعون عباسی، عدنان شاہ ٹیپو، سلیم معراج، اریج چوہدری اور رشید ناز سمیت دیگر اداکاروں پر مبنی فلم کے ٹریلر سے عندیہ ملتا ہے کہ اس کی کہانی پاکستان میں بھارتی مداخلت اور دہشت گردی کے گرد گھومتی ہے۔

فلم کے ٹریلر میں اہم کرداروں کو دکھایا گیا ہے جو کہ پڑوسی ملک بھارت کی پاکستان میں مداخلت سے متعلق باتیں کرتے دکھائی دیے۔

ٹریلر میں دکھایا گیا تھا کہ جب بھی بھارت کو اپنے مذموم مقاصد پورے کرنے ہوتے ہیں تب وہ اپنے ہی شہریوں کو مار کر اس کا الزام پاکستان پر لگا دیتا ہے۔

فلم میں عائشہ عمر کو ایک صحافی کے طور پر دکھایا گیا تھا جو کہ شمعون عباسی کی چال چلتی دکھائی دیتی ہیں۔

شمعون عباسی کے کردار کو مبہم رکھا گیا تھا اور اسے ٹریلر سے سمجھنا ناممکن ہے۔

کارٹون

کارٹون : 28 ستمبر 2024
کارٹون : 27 ستمبر 2024