• KHI: Maghrib 6:21pm Isha 7:36pm
  • LHR: Maghrib 5:50pm Isha 7:11pm
  • ISB: Maghrib 5:55pm Isha 7:17pm
  • KHI: Maghrib 6:21pm Isha 7:36pm
  • LHR: Maghrib 5:50pm Isha 7:11pm
  • ISB: Maghrib 5:55pm Isha 7:17pm

کراچی: حساس اداروں کی کارروائی، دو دہشت گرد دھماکا خیز مواد سمیت گرفتار

شائع February 15, 2023
ایس آئی یو اورکرائیم انویسٹی گیشن ایجنسی نے مشترکہ کارروائی کی—فائل/فوٹو:اے ایف پی
ایس آئی یو اورکرائیم انویسٹی گیشن ایجنسی نے مشترکہ کارروائی کی—فائل/فوٹو:اے ایف پی

کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے دو مبینہ دہشت گردوں کو دھماکا خیز مواد سمیت گرفتار کرلیا۔

سندھ پولیس کے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) اور کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد سے دو مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے ایک ہزار سے زائد ڈیٹونیٹرز برآمد کرلیے۔

ایس آئی یو کے سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) جنید احمد شیخ کے مطابق دو مبینہ دہشت گردوں کو دھماکا خیز مواد کے ساتھ گرفتار کیا گیا ہے جبکہ ان کے تیسرے ساتھی کی تلاشی جاری ہے جو کہ وہاں سے بھاگنے میں کامیاب ہوگیا۔

ایس ایس پی جنید احمد شیخ نے کہا کہ گرفتار دہشت گردوں سے ایک ہزار سے زائد ڈیٹونیٹرز برآمد کیے گئے ہیں جبکہ دو کوائل ڈیٹونیٹرز بھی برآمد ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ دھماکا خیز مواد شہر میں ایک سے دوسری جگہ منتقل کر رہے تھے۔

پولیس کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے اعتراف کیا کہ دھماکا خیز مواد پشاور سے کراچی لایا گیا تھا جو کہ دہشت گردی کی کارروائیوں میں استعمال ہونا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پشاور سے دھماکا خیز مواد لانے والا ملزم فرار ہوگیا ہے۔

پولیس کی طرف سے جاری بیان میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ملزمان کے ایک ساتھی کو اس سے قبل خیبرپختونخوا کے شہر چارسدہ سے بھی دھماکا خیز مواد سمیت گرفتار کیا گیا تھا اور اسے آٹھ سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

پولیس نے ملزمان کے خلاف ایس آئی یو تھانے میں دھماکا خیز مواد ایکٹ 1908 کے تحت مقدمہ درج کر لیاہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

کارٹون

کارٹون : 28 ستمبر 2024
کارٹون : 27 ستمبر 2024