• KHI: Fajr 5:12am Sunrise 6:28am
  • LHR: Fajr 4:42am Sunrise 6:02am
  • ISB: Fajr 4:46am Sunrise 6:09am
  • KHI: Fajr 5:12am Sunrise 6:28am
  • LHR: Fajr 4:42am Sunrise 6:02am
  • ISB: Fajr 4:46am Sunrise 6:09am

ایران-سعودی عرب معاہدہ: یہ معاملہ پاکستان کے لیے کیا اہمیت رکھتا ہے؟

شائع March 29, 2023

لکھاری سابق سیکرٹری خارجہ اور ’ڈپلومیٹک فٹ پرنٹس‘ کے مصنف ہیں۔
لکھاری سابق سیکرٹری خارجہ اور ’ڈپلومیٹک فٹ پرنٹس‘ کے مصنف ہیں۔

حالیہ دنوں میں پسِ پردہ اور خاموش سفارت کاری کی بہترین مثال ہم نے ایران اور سعودی عرب معاہدے کی صورت میں دیکھی جس میں دونوں ممالک نے باہمی تعلقات بحال کرنے کا فیصلہ کیا۔

چین ان دونوں ممالک کے ساتھ اپنے سیاسی اور معاشی تعلقات مستحکم کرنے کے حوالے سے اقدامات کر رہا تھا یہی وجہ ہے کہ ان دونوں ممالک کے درمیان ثالث کے کردار کے لیے چین ایک فطری انتخاب تھا۔

یہاں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا خطے کے استحکام کو یقینی بنانے کے لیے دونوں ممالک کا یہ تعلق زیادہ عرصے تک برقرار رہ پائے گا؟ دیکھا جائے تو ماضی میں اس طرح کی بہت سی کوششیں ناکام ہوچکی ہیں تو کیا اس بار یہ کامیاب ہوپائے گی؟ کیا امریکا مشرقِ وسطی میں چین کے بڑھتے ہوئے اثرورسوخ کو روکنے کے لیے اقدامات کرے گا؟ اور اس سب کا پاکستان پر کیا اثر پڑے گا؟ یہ وہ اہم سوالات ہیں جن کے جوابات خطے اور پوری دنیا پر اپنے گہرے اثرات مرتب کریں گے۔

حالیہ برسوں میں سعودی عرب تیزی سے تبدیل ہورہا ہے۔ اس کے نوجوان اور متحرک ولی عہد محمد بن سلمان کی قیادت میں ملک میں ’تبدیلی‘ آرہی ہے۔ سعودی عرب تیل کی برآمدات پر اپنے انحصار کو کم کرکے اپنی معیشت کو متنوع بنانے پر توجہ دے رہا ہے۔ سعودی عرب کے وژن 2030ء ملک کو ایک ایسا مرکز بنانےکا اعادہ کرتا ہے جو ’3 برِاعظموں افریقہ، ایشیا اور یورپ کو جوڑے گا‘۔ سماجی طور پر سعودی عرب کا معاشرہ اس قدامت پسندی کو آہستہ آہستہ ختم کررہا ہے جوکہ آلِ سعود سے منسوب تھی۔

وژن 2030ء کے مقاصد کو عملی جامہ پہنانے کے لیے سعودی عرب امریکا کے ساتھ اپنے سیکیورٹی تعلقات پر نظرثانی کرکے اور دیگر عالمی طاقتوں بالخصوص چین تک رسائی کے ذریعے اپنی خارجہ پالیسی کو نئی شکل دے رہا ہے۔

دوسرا اہم اقدام یہ ہے کہ سعودی عرب اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ پُرامن تعلقات کے قیام کی کوشش کررہا ہے۔ ترکیہ، قطر حتیٰ کہ اسرائیل کے ساتھ بھی ممکنہ طور پر سعودی عرب اپنے تعلقات معمول پر لانا چاہتا ہے جبکہ ایران کے ساتھ تعلقات کی حالیہ بحالی اس بات کا عندیہ ہے کہ ان کی یہ اندرونی اور بیرونی پالیسیاں اسی ایجنڈے سے مطابقت رکھتی ہیں جس پر عمل درآمد کے لیے وہ کوشاں ہیں۔

دوسری طرف ایران بھی سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات معمول پر لانا چاہتا تھا۔ ایران اس وقت امریکی پابندیوں کی وجہ سے سنگین معاشی بحران میں مبتلا ہے جو ملک کے ہر شعبے پر اثرانداز ہورہا ہے۔

پھر ایرانی معاشرے میں لوگوں کے سماجی پابندیوں سے تنگ آنے کے آثار بھی نمایاں ہورہے ہیں جیسا کہ ہم نے خواتین کی قیادت میں ملک گیر مظاہروں کی صورت میں ہم نے دیکھا۔ مزید برآں لبنان، شام، عراق اور یمن میں پراکسی جنگوں کی فنڈنگ بھی معاشی بحران کا شکار ایران کے لیے مہنگا ثابت ہورہا ہے۔ ایسے میں قابلِ فہم طور پر ایران اپنے ہمسایہ عرب ممالک کے ساتھ تناؤ کو کم کرنا چاہتا ہے اور خطے میں اسے تنہا اور الگ کرنے کی امریکا کی کوششوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا چاہتا ہے۔

ثالثی کا کردار ادا کرنے کے لیے چین کا یہ سفارتی اقدام جغرافیائی سیاست اور جغرافیائی معیشت میں اہمیت کا حامل ہے۔ اس کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ چین کی توانائی کی ضروریات کا ایک بڑا حصہ سعودی تیل سے پورا ہوتا ہے۔

چینی صدر شی جن پنگ دسمبر میں ریاض کے دورے پر پہنچے تھے جہاں انہوں نے ماحول دوست توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، کلاؤڈ خدمات اور دیگر شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے 34 معاہدے طے کیے جن کا تخمینہ تقریباً 30 ارب ڈالر ہے۔ سعودی عرب نے خطے کے 30 سربراہانِ مملکت اور کاروباری حضرات کے ساتھ صدر شی جن پنگ کے اجلاس کی میزبانی بھی کی۔

چین ایران کو کثیرالجہتی تعلقات میں بھی شامل کررہا ہے۔ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے حال ہی میں بیجنگ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے 2021ء میں طے پانے والے 25 سالہ جامع اسٹریٹجک پارٹنرشپ معاہدے کے تحت 20 اہم معاہدوں پر دستخط کیے جس کے بعد چینی سرمایہ کار ایران میں 400 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گے۔ چین نے ایران پر امریکی پابندیاں ہٹانے، جوہری معاہدے کو بحال کرنے اور شنگھائی تعاون تنظیم اور برکس (BRICS) میں ایران کو شامل کرنے کی حمایت کی ہے۔

امریکا جس کا اس وقت چین کے ساتھ مقابلہ اپنے عروج پر ہے، اس نے نئی پیشرفت کا انتہائی محتاط انداز میں خیرمقدم کیا ہے لیکن وہ اس اقدام کو چین کی جانب سے دنیا بھر میں اپنے اثرورسوخ کو بڑھانے کی کوشش کے زمرے میں دیکھ سکتا ہے۔ اس تناظر میں یہ نئی پیش رفت مشرقی وسطیٰ کے حوالے سے امریکی پالیسی کےلیے ایک دھچکے کی مانند ہے۔

کئی دہائیوں تک امریکا سعودی عرب کا کلیدی دفاعی سپلائر اور سیکیورٹی کا ضامن تھا۔ حال ہی میں ان دونوں کے تعلقات میں دراڑیں اس وقت نمودار ہوئیں جب واشنگٹن سعودی عرب کو تیل کی سپلائی بڑھانے اور تیل کی قیمتوں پر آمادہ کرنے میں ناکام رہا جس کے حوالے سے امریکا کا خیال تھا کہ یہ یوکرین کے خلاف جنگ میں روس کا ساتھ دے گا۔

مزید قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ 2018ء میں سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے بعد امریکا کی جانب سے سعودی عرب کی انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر تنقید کی گئی۔ صدر جو بائیڈن نے اس سعودی عرب کی ریاست کو دنیا سے کاٹ دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ ایران کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے اور چین کے ساتھ تعلقات کو بڑھانے کے لیے سعودی عرب کے عملی اقدامات واشنگٹن کو موقع فراہم کرتے ہیں کہ وہ سعودی عرب کے حوالے سے اپنی پالیسی پر نظرثانی کرے۔

امریکا جو اپنی انڈو-پسیفک حکمت عملی کے تحت چین کا مقابلہ کرنے کے لیے پُرعزم ہے، وہ یقینی طور پر آنے والے مہینوں میں جوابی اقدامات کرےگا حالانکہ سفارتکاری کے بجائے عسکری طاقت پر حد سے زیادہ انحصار کرنے سے امریکا کے مواقع کم ہورہے ہیں۔

حتیٰ کہ بھارت جسے امریکا نے جنوبی ایشیا میں اپنے اتحادی کے طور پر چنا تھا وہ بھی روس اور چین کے ساتھ اپنے تعلقات میں ’اسٹریٹجک خودمختاری‘ کو ترجیح دے رہا ہے۔ مشرق وسطیٰ کے امریکا سے دُور ہونے کے بعد، پاکستان سمیت خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ امریکا اپنے تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے نئے مواقع کی تلاش میں ہے۔

اسرائیل بھی ایران اور سعودی عرب کے حوالے سے اس نئی پیش رفت سے ناخوش ہے لیکن اس نے اپنے آپشنز کھلے رکھے ہیں۔ لیکن وہ ایران کو تنہا کرنے پر اب بھی بضد ہے، اسرائیل نے عرب دنیا کے ساتھ ہم آہنگی کی جانب قدم اٹھایا ہے جبکہ چین کے ساتھ اپنے اقتصادی روابط میں بھی مسلسل اضافہ کیا ہے۔

تو یہ پیش رفت پاکستان کے لیے کیا اہمیت رکھتی ہے؟ ہماری حکومت نے سعودی عرب اور ایران کے ساتھ قریبی تعلقات کی وجہ سے اس اقدام کا خیرمقدم کیا ہے۔ اس سے مسلم دنیا میں ہماری جامع کوششوں کو بھی تقویت ملے گی۔

چین اور ان دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی روابط بڑھ رہے ہیں، پاکستان جو ان تینوں ریاستوں کے بالکل قریب واقع ہے، اس تبدیلی سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ اس کے لیے ہمیں اپنے اقتصادی بحران سے نکلنا ہوگا اور ان ممالک سے صنعتی زونز اور زرعی شعبے میں ممکنہ سرمایہ کاری کو جذب کرنے کے لیے تیار رہنا ہوگا۔

سعودی عرب پاکستان میں اپنی آئل ریفائنری لگانے پر آمادہ ہے جس کے لیے زمینی کام کو تیز کرنا ہوگا۔ ایران کے ساتھ ہمیں سرحدی مارکیٹوں کو وسعت دینی چاہیے جبکہ بارٹر تجارت کا بہترین استعمال بھی کرنا چاہیے۔ گوادر بندرگاہ کو کامرس اور تجارت کا علاقائی مرکز بنانے اور اسے مکمل طور پر فعال بنانے کے لیے فوری اقدامات لینے کی ضرورت ہے۔

پاکستان کو چین، سعودی عرب اور دیگر ممالک سے صنعتی سرمایہ کاری حاصل کرنے کے لیے اسپیشل اکنامک زونز کو بھی متحرک کرنا ہوگا۔ ہمیں یہ بھی سیکھنا چاہیے کہ سفارتی محاذ پر نتیجہ خیز اور عملی سفارت کاری، خاموشی اور احتیاط سے کیسے کی جاتی ہے۔


یہ مضمون 18 مارچ 2023ء کو ڈان اخبار میں شائع ہوا۔

اعزاز احمد چوہدری

لکھاری پاکستان کے سابق سیکریٹری خارجہ، انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹیڈیز اسلام آباد کے ڈی جی اور کتاب ’ڈپلومیٹک فٹ پرنٹس‘ کے مصنف ہیں۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

کارٹون

کارٹون : 9 اکتوبر 2024
کارٹون : 8 اکتوبر 2024