• KHI: Zuhr 12:22pm Asr 4:41pm
  • LHR: Zuhr 11:53am Asr 4:09pm
  • ISB: Zuhr 11:58am Asr 4:13pm
  • KHI: Zuhr 12:22pm Asr 4:41pm
  • LHR: Zuhr 11:53am Asr 4:09pm
  • ISB: Zuhr 11:58am Asr 4:13pm

شادی کو 50 سال ہوگئے ہیں، آج بھی لان میں سوتا ہوں، اداکار منور سعید کا دلچسپ انکشاف

شائع June 15, 2023
—فوٹو: کراچی آرٹس کانسل
—فوٹو: کراچی آرٹس کانسل

پاکستان کے سینئر اداکار منور سعید نے اپنی اہلیہ کے ساتھ تعلق کے حوالے سے دلچسپ انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی شادی کو 50 سال ہوگئے ہیں اور آج بھی وہ لان میں ہی سوتے ہیں۔

کچھ روز قبل پاکستان لیٹریچر فیسٹیول کا انعقاد آزاد کشمیر کے شہر مظفرآباد میں ہوا تھا جہاں صحافیوں، اداکاروں، تجزیہ نگار اور کالم نگار سمیت سندھ کے گورنر کامران ٹیسوری نے بھی شرکت کی۔

پاکستان لیٹریچر فیسٹیول 2 روز تک جاری رہا، اختتامی تقریب میں ساحر علی بگا اور عاصم اظہر سمیت دیگر گلوکاروں نے بھی پرفارم کیا۔

فیسٹیول میں مقبوضہ کشمیر سمیت پاکستانی ڈراموں اور فلموں اور دیگر ثقافت پر مبنی موضوعات کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

اسی دوران اداکارہ یاسر حسین اور سینئر اداکار منور سعید ایک سیشن کے دوران گفتگو کررہے تھے۔

منور سعید نے پاکستان کی 300 فلموں اور ایک ہزار سے زائد ڈراموں میں کام کرچکے ہیں، وہ اپنے ٹی وی سیریلز میں اکثر ولن کے طور پر جانے جاتے ہیں۔

اسی دوران یاسر حسین کے سوال پر منور سعید نے کہا کہ ’کام کے دوران مجھے تھکن کا احساس نہیں ہوتا، میں تھیٹر، ریڈیو، ٹی وی اور فلم میں مسلسل کام کرتا رہا اور باقاعدہ رابطے میں رہا ہوں، لیکن اس دوران کبھی تھکن کا احساس نہیں ہوا۔‘

اداکار کہتے ہیں کہ میری بیوی مجھے کہتی ہے انہیں مجھ پر ترس آتا ہے کہ میں صبح گھر سے نکلتا ہوں اور رات کو 2 بجے گھر پہنچتا ہوں، جس پر میں نے انہیں کہا کہ مجھ پر ترس کھانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

بعدازاں منور سعید نے اپنی بات کو مکمل کرتے ہوئے کہا کہ ایک صاحب نے مجھ سے پوچھا کہ ’آپ کی شادی کو 50 سال ہوگئے لیکن آپ دونوں میاں بیوی کو کبھی لڑتے ہوئے نہیں دیکھا، کیا وجہ ہے ؟ لڑائی کیوں نہیں ہوتی؟‘

جس پر منور سعید نے جواب دیا کہ اس کی آسان وجہ یہ ہے کہ میں نے اپنی شادی کے پہلے دن ہی بیوی کو کہہ دیا تھا کہ ’جب مجھے غصہ آئے تو تم باورچی خانے چلی جانا اور جب میرا غصے اتر جائے تو واپس آجانا اور جب تمہیں غصہ آئے گا تو میں باہر لان میں چلا جاؤں گا‘۔

منور سعید نے مزید بتایا کہ ’شادی کو 50 سال ہوگئے ہیں آج بھی میں لان میں ہی سوتا ہوں۔‘

جس کے بعد آرٹس کانسل میں بیٹھے شرکا اور یاسر حسین ہنس پڑے اور ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔

بعدازاں یاسر حسین نے سوال کیا کہ ’کیا آپ کے گھر میں لان ہے؟ جس پر منور سعید نے قہقہ لگاتے ہوئے جواب دیا کہ ’میں نے شادی سے قبل ہی لان بنوا لیا تھا کیونکہ مجھے معلوم تھا کہ یہی لان کام آئے گا‘۔

فوٹو: فیس بُک
فوٹو: فیس بُک

’فلم میں ولن کا کردار کرنے پر لوگوں نے گالیاں دیں‘

سیشن کو آگے بڑھاتے ہوئے یاسر حسین نے مزید سوال کیے کہ ’آپ نے ٹی وی اور فلموں میں منفی کردار زیادہ کیے ہیں، اب نئے دور اور معاشرے میں ہیرو اور ولن کو کس نظر سے دیکھا جاتا ہے؟

جس پر منور سعید نے جواب دیا کہ ’میرا یہ تجربہ ہے کہ اسکرین میں جو ولن کا کردار ادا کرتا ہے وہ عام زندگی میں انتہائی شریف ہوتا ہے اور جو اسکرین میں ہیرو کا کردار ادا کرتا ہے وہ اپنی عام زندگی میں ’سبحان اللہ ، اس کے بارے میں کیا ہی کہیں‘، اداکار کے جواب پر ہال میں موجود شرکا ایک بار پر ہنس پڑے۔

جس پر یاسر حسین نے کہا کہ ’آپ یہ بات ہمایوں سعید کو بھی کہہ دیں‘ جس پر منور سعید نےقہقہ لگاتے ہوئے جواب دیا کہ ’ میں انہیں کئی بار کہہ چکا ہوں ، ان پر کچھ اثر ہی نہیں ہوتا’۔

منور سعید نے مزید بتایا کہ ایک فلم میں ولن کا کردار کرنے پر انہیں عوام کی طرف سے سخت ردعمل کا بھی سامنا کرنا پڑا، یہاں تک کہ باقاعدہ گالیاں بھی سننے کو ملیں۔

اداکار نے بتایا کہ ’ایک بار میں سڑک پر گاڑی چلا رہا تھا، سگنل پر گاڑی روکی تو برابر میں ایک گاڑی میں سوار شخص مجھے دیکھ کر حیران ہوگیا اور گالیاں دینی شروع کردی، میں نے ان کی گالیاں خاموشی سے سُنی اور خوشی سے آگے بڑھ گیا۔

منور سعید نے کہا کہ ’میں خوش اس لیے تھا کہ اگر وہ شخص میری فلم کو لے کر گالی نہ دیتے تو میں سمجھتا کہ میں نے اپنا کردار بہتر طریقے سے نہیں نبھایا، اور چونکہ اس شخص کو احساس ہوا تھا کہ وہ ولن کا کردار اچھا نہیں ہے اس لیے انہوں نے اپنا ردعمل دیا‘۔

اداکار کے جواب پر شرکا نے تالیاں بھی بجائیں۔

یاد رہے کہ اداکار منور سعید نے پہلی فلم 1968 میں کی تھی جس کا نام ’گھر داماد‘ تھا، اس میں بھی ان کا ولن کا کردار تھا۔

فوٹو: فیس بُک
فوٹو: فیس بُک

کارٹون

کارٹون : 28 ستمبر 2024
کارٹون : 27 ستمبر 2024