• KHI: Maghrib 6:21pm Isha 7:36pm
  • LHR: Maghrib 5:50pm Isha 7:11pm
  • ISB: Maghrib 5:55pm Isha 7:17pm
  • KHI: Maghrib 6:21pm Isha 7:36pm
  • LHR: Maghrib 5:50pm Isha 7:11pm
  • ISB: Maghrib 5:55pm Isha 7:17pm

دوسرے ایشز ٹیسٹ کے بعد اسمتھ عالمی نمبر ایک بننے کے قریب، روٹ کی تنزلی

شائع July 5, 2023
آسٹریلین بلے باز اسٹیون اسمتھ عالمی نمبر ایک بلے باز بننے سے محض ایک پوائنٹ کی دوری پر ہیں — فوٹو: رائٹرز
آسٹریلین بلے باز اسٹیون اسمتھ عالمی نمبر ایک بلے باز بننے سے محض ایک پوائنٹ کی دوری پر ہیں — فوٹو: رائٹرز

انگلینڈ کے خلاف ایشز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے بعد عالمی درجہ بندی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں ہوئی ہیں اور سابق انگلش کپتان جو روٹ عالمی نمبر ایک پوزیشن سے محروم ہو گئے ہیں جبکہ اسٹیون اسمتھ اپنی عمدہ فارم کی بدولت ایک مرتبہ عالمی نمبر ایک بلے باز بننے کے قریب ہیں۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری تازہ درجہ بندی کے مطابق ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں سنچری بنانے والے عالمی نمبر ایک بلے باز جو روٹ دوسرے ٹیسٹ میچ میں خاطر خواہ کھیل پیش نہ کر سکے اور دونوں اننگز میں محض 28 رنز بنانے کے سبب پہلی پوزیشن سے محروم ہوگئے۔

روٹ کی پہلے نمبر سے چار درجہ تنزلی ہوئی ہے اور وہ اب پانچویں نمبر پر آگئے ہیں جبکہ ان کی اس تنزلی کے سبب انجری کا شکار نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن بغیر کوئی میچز کھیلے عالمی نمبر ایک بن گئے ہیں جہاں انہوں نے یہ منصب اگست 2021 کے بعد پہلی بار حاصل کیا ہے۔

جو روٹ کے پانچویں نمبر پر آنے کے نتیجے میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم بھی ایک درجہ تنزلی کے بعد پانچویں سے چھٹے نمبر پر چلے گئے ہیں۔

دوسری جانب انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں اسٹیون اسمتھ نے شاندار سنچری کی بدولت ناصرف اپنی ٹیم کی فتح میں مرکزی کردار ادا کیا بلکہ وہ ایک مرتبہ پھر عالمی نمبر ایک بلے باز بننے سے محض ایک پوائنٹ کی دوری پر ہیں۔

اسمتھ نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں 110 اور 34 رنز کی اننگز کھیلی تھیں اور اس عمدہ پرفارمنس کا صلہ انہیں چار درجہ ترقی کی صورت میں ملا جس کے بعد وہ دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں اور عالمی نمبر ایک بلے باز بننے سے محض ایک پوائنٹ کی دوری پر ہیں۔

اس وقت عالمی نمبر ایک کین ولیمسن کے پوائنٹس 883 اور اسمتھ کے 882 ہیں اور اگر جو روٹ نے کچھ خاطر خواہ پرفارمنس نہ دی تو ایک بڑی اننگز کھیل کر سابق آسٹریلین کپتان دوبارہ عالمی نمبر ایک بن سکتے ہیں۔

اس وقت عالمی درجہ بندی میں ابتدائی سات پوزیشنز میں سے 4 پر آسٹریلین بلے باز براجمان ہیں جن میں مارنس لبوشین تیسرے، ٹریوس ہیڈ چوتھے اور عثمان خواجہ ساتویں نمبر پر موجود ہیں جبکہ ابتدائی پانچ بلے بازوں میں محض 17 پوائنٹس کا فرق ہے، اس لیے ہیڈنگلے میں ہونے والا سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میچ بھی شائقین کے لیے انتہائی دلچسپی کا حامل ہو گا۔

ادھر انگلینڈ کے بین ڈکٹ اور کپتان بین اسٹوکس کو بھی عمدہ کارکردگی کا انعام مل گیا اور دونوں کھلاڑی بالترتیب 24 اور 9 درجے ترقی کے بعد 18ویں اور 23ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

بلے بازوں کے ساتھ ساتھ باؤلنگ رینکنگ میں بھی نمایاں تبدیلیاں آئی ہیں اور آسٹریلین کپتان ترقی کی منازل طے کرتے ہوئے دو درجہ بہتری کے بعد عالمی نمبر ایک روی چندرن ایشون کے قریب پہنچ گئے ہیں۔

کمنز نے دو درجہ بہتری کے بعد جیمز اینڈرسن کو چوتھے نمبر پر دھکیل دیا ہے جبکہ مچل اسٹارک نے بھی دو درجہ ترقی کرتے ہوئے 14واں نمبر سنبھال لیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 28 ستمبر 2024
کارٹون : 27 ستمبر 2024