• KHI: Asr 4:41pm Maghrib 6:21pm
  • LHR: Asr 4:09pm Maghrib 5:50pm
  • ISB: Asr 4:13pm Maghrib 5:55pm
  • KHI: Asr 4:41pm Maghrib 6:21pm
  • LHR: Asr 4:09pm Maghrib 5:50pm
  • ISB: Asr 4:13pm Maghrib 5:55pm

جنوبی کوریا کے سب وے اسٹیشن میں چاقو کے حملے میں 14 افراد زخمی

شائع August 3, 2023 اپ ڈیٹ August 4, 2023
جنوبی کوریا میں ریسکیو ورکرز اپنے کام میں مصروف ہیں— فوٹو: رائٹرز
جنوبی کوریا میں ریسکیو ورکرز اپنے کام میں مصروف ہیں— فوٹو: رائٹرز

جنوبی کوریا کے سب وے اسٹیشن کے قریب ایک شخص نے 14 افراد کو چھرا مار کر زخمی کردیا جہاں دو ہفتے قبل اسی طرح کے واقعے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا تھا۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق نیشنل پولیس ایجنسی کے ایک اہلکار نے بتایا کہ یہ حملہ سیئول سے 20 کلومیٹر جنوب مشرق میں بُنڈانگ میں سیوہیون کے سب وے اسٹیشن کے قریب کیا گیا۔

ایک اہلکار نے بتایا کہ ایک مشتبہ شخص کو جائے وقوع سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

یونہاپ نیوز ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ اس واقعے میں 14 افراد اس وقت زخمی ہوئے جب حملہ آور نے پیدل چلنے والوں کے راستے پر گاڑی چڑھا دی اور ایک ڈپارٹمنٹل اسٹور میں چاقو کے وار کرتا چلا گیا۔

20سالہ مشتبہ شخص نے اپنی گاڑی سے 9 افراد کو چاقو کے وار کر کے جبکہ 5 افراد کو گاڑی سے روند کر زخمی کر دیا، چاقو کے وار سے زخمی ہونے والے کم از کم 8 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔

پولیس نے یونہاپ نیوز ایجنسی کو بتایا کہ ملزم نے حراست میں لیے جانے کے بعد ناقابل فہم بیانات دیے۔

اس واقعے سے دو ہفتے قبل 21 جولائی کو بھی جنوبی کوریا کے دارالحکومت میں ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا تھا جب ایک شخص کے چاقو کے حملے میں ایک شہری ہلاک اور تین زخمی ہو گئے تھے۔

سرکاری اعدادوشمار کے مطابق جنوبی کوریا عام طور پر ایک انتہائی محفوظ ملک ہے جہاں 2021 میں قتل کی شرح فی ایک لاکھ افراد میں 1.3 تھی۔

اس کے مقابلے میں، امریکا میں اس طرح کے حملے میں ہلاکتوں کی شرح ایک لاکھ افراد میں 7.8 ہے۔

بنڈانگ جنوبی کوریا کے شہر سیئول کا ایک متمول علاقہ ہے جو اپنی محفوظ سڑکوں اور پرامن رہائشی ماحول کے لیے شہرت رکھتا ہے لیکن چھرا گھونپنے کے ان دو واقعات سے انتہائی تشویش پائی جاتی ہے۔

ایک شخص نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ سیوہیون اسٹیشن کے قریب حملہ واقعی خوف ناک ہے۔

انہوں نے کہا ہم اس طرح کے واقعات کے ساتھ باہر جاتے ہوئے کیسے محفوظ اور آرام دہ محسوس کر سکتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 28 ستمبر 2024
کارٹون : 27 ستمبر 2024