• KHI: Zuhr 12:22pm Asr 4:41pm
  • LHR: Zuhr 11:53am Asr 4:09pm
  • ISB: Zuhr 11:58am Asr 4:13pm
  • KHI: Zuhr 12:22pm Asr 4:41pm
  • LHR: Zuhr 11:53am Asr 4:09pm
  • ISB: Zuhr 11:58am Asr 4:13pm

امریکا کا پاکستان کی معاشی کامیابی کیلئے بھرپور تعاون کا اظہار

شائع August 15, 2023
انٹونی بلنکن نے کہا کہ ہم دونوں جمہوری اصولوں اور قانون کی حکمرانی کے احترام پر قائم ہیں — فائل فوٹو: رائٹرز
انٹونی بلنکن نے کہا کہ ہم دونوں جمہوری اصولوں اور قانون کی حکمرانی کے احترام پر قائم ہیں — فائل فوٹو: رائٹرز

امریکی سیکریٹری خارجہ انٹونی بلنکن نے پاکستان کی معاشی کامیابی کے لیے اپنے بھرپور تعاون کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اس کی اقتصادی ترقی، توانائی کے تحفظ اور علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کے خواہاں ہیں۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق امریکی سیکریٹری خارجہ انٹونی بلنکن نے پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ واشنگٹن، اسلام آباد کے ساتھ اپنی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کا خواہاں ہے تاکہ دونوں ممالک کے لیے مزید خوشحال مستقبل بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا، پاکستان کے ساتھ اپنے 76 سالہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور پاکستان کی معاشی کامیابی کے لیے اپنے ملک کی بھرپور حمایت کا اظہار کرتا ہے۔

انٹونی بلنکن نے کہا کہ ہم نے تعاون کے نئے دور کا آغاز کیا ہے اور پاکستان عام انتخابات کے انعقاد کی تیاریاں کر رہا ہے ہم پاکستان کی اقتصادی ترقی، توانائی کے تحفظ اور علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کے خواہاں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم دونوں جمہوری اصولوں اور قانون کی حکمرانی کے احترام پر قائم ہیں جو مستقبل میں ہماری شراکت داری کی رہنمائی کے لیے جاری رہے گی۔

امریکی سیکریٹری خاجہ کی جانب سے یہ بیان سامنے آنے سے قبل کراچی میں موجود امریکی قونصلیٹ جنرل نکول تھیریٹ نے یوم آزادی کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی ترقی، باہمی خوشحالی اور علاقائی سلامتی سے متعلق مشترکہ مفادات پر مبنی مضبوط شراکت داری قائم ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کے ساتھ باہمی تعاون اور مضبوط تر تعلقات کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے چین نے کہا تھا کہ پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اور پاکستان سے دوستی سبوتاژ کرنے کی کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وینبن کی جانب سے یہ بیان گوادر میں بندرگارہ کے منصوبے پر کام کرنے والے چینی مزدوروں کے قافلے پر حملے کے ایک روز بعد سامنے آیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی حالات جیسے بھی ہوں اور پاکستان کے اندرونی حالات تبدیل ہوسکتے ہیں لیکن چین اور پاکستان کے درمیان آہنی دوستی ہمیشہ مضبوط رہے گی اور کبھی نہیں توڑی جاسکے گی۔

وانگ وینبن نے کہا کہ چین اپنی تمام تر اسٹریٹجک تعاون کی شراکت داری، مشترکہ مستقبل کی حامل چین-پاکستان کمیونٹی کی تعمیر، دونوں ممالک اور دو اطراف کے عوام کے مزید فائدے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے بالکل تیار ہے۔

کارٹون

کارٹون : 28 ستمبر 2024
کارٹون : 27 ستمبر 2024