• KHI: Asr 4:41pm Maghrib 6:21pm
  • LHR: Asr 4:09pm Maghrib 5:50pm
  • ISB: Asr 4:13pm Maghrib 5:55pm
  • KHI: Asr 4:41pm Maghrib 6:21pm
  • LHR: Asr 4:09pm Maghrib 5:50pm
  • ISB: Asr 4:13pm Maghrib 5:55pm

بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں منفرد عالمی ریکارڈ بن گیا

شائع January 3, 2024
جنوبی افریقی فاسٹ باؤلر کگیسو ربادا کا ویرات کوہلی کی وکٹ لینے کے بعد جارحانہ انداز— فوٹو: اے ایف پی
جنوبی افریقی فاسٹ باؤلر کگیسو ربادا کا ویرات کوہلی کی وکٹ لینے کے بعد جارحانہ انداز— فوٹو: اے ایف پی

جنوبی افریقہ اور بھارت کے درمیان کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ایک منفرد عالمی ریکارڈ بن گیا جہاں ایک ہی دن میں دونوں ٹیمیں پویلین لوٹ گئیں۔

کیپ ٹاؤن میں باؤلرز کے لیے سازگار وکٹ پر جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو تباہ کن ثابت ہوا اور پوری ٹیم صرف 55 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

یہ 1932 کے بعد جنوبی افریقہ کا کسی بھی ٹیم کے خلاف ایک ٹیسٹ اننگز میں سب سے کم اسکور ہے جبکہ بھارت کے خلاف بھی یہ کسی ٹیم کا سب سے کم اسکور ہے۔

اس تباہی کے ذمے دار فاسٹ باؤلر محمد سراج تھے جنہوں نے صرف 15 رنز کے عوض 6 وکٹیں لیں۔

ہدف کے تعاقب میں بھارتی بلے بازوں نے قدرے بہتر بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ایک موقع پر بھارت نے 33 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنا لیے تھے جس کو دیکھتے ہوئے ایسا محسوس ہوتا تھا کہ شاید بھارتی ٹیم ایک بڑی برتری لینے میں کامیاب ہو جائے گی لیکن لنگی نگیدی اور کگیسو ربادا نے بھارت کے ارمان خاک میں ملا دیے۔

دونوں کھلاڑیوں کی تباہ کن باؤلنگ کی جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اگلی 11 گیندوں میں پوری بھارتی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔

153 پر چار وکٹیں گنوانے والی ٹیم کے بقیہ بلے باز مزید کوئی رن نہ بنا سکے اور پوری ٹیم کی بساط ہی 153 پر لپٹ گئی۔

یہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ کسی ٹیم کے آخری چھ بلے باز اسکور میں بغیر کسی اضافے کے پویلین لوٹے ہوں۔

بھارت کی جانب سے ویرات کوہلی نے 46، شبمن گل نے 36 اور کپتان روہت شرما نے 39 رنز بنائے جبکہ جنوبی افریقہ کے ربادا، نگیدی اور برگر نے تین، تین وکٹیں اپنے نام کیں۔

بھارت کے چھ بلے باز صفر پر آؤٹ ہوئے اور انہوں نے ایک اننگز میں سب سے زیادہ کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہونے کا عالمی ریکارڈ برابر کردیا۔

میچ کی ابتدائی دونوں اننگز میں دونوں ٹیموں نے مجموعی طور پر صرف 349 گیندیں کھیلیں جو گیندوں کے اعتبار سے دو سب سے مختصر اننگز ہیں، دونوں اننگز میں سب سے کم 287 گیندیں کھیلنے کا بدترین عالمی ریکارڈ انگلینڈ اور آسٹریلیا کے پاس ہے۔

کارٹون

کارٹون : 28 ستمبر 2024
کارٹون : 27 ستمبر 2024