• KHI: Asr 4:09pm Maghrib 5:45pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:28pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:09pm Maghrib 5:45pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:28pm Maghrib 5:05pm

ٹی20 ورلڈ کپ: آسٹریلیا نے وارم اپ میچ میں کوچ اور سلیکٹر کو میدان میں اتار دیا

شائع May 29, 2024
جوز ہیزل وُڈ نے شاندار اسپیل کرایا— فائل فوٹو: اے ایف پی
جوز ہیزل وُڈ نے شاندار اسپیل کرایا— فائل فوٹو: اے ایف پی

امریکا اور ویسٹ انڈیز میں یکم جون سے شروع ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے وارم میچ کا آغاز ہو گیا ہے اور آسٹریلیا اور نمیبیا کے درمیان وارم اپ میچ میں اس وقت دلچسپ صورتحال دیکھنے کو ملی جب کینگروز کو اپنی فائنل الیون مکمل کرنے کے لیے کوچ اور سلیکٹر کو میدان میں اتارنا پڑا۔

آسٹریلیا نے ورلڈ کپ کے لیے 15رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا اور اس کے اب تک صرف 9 رکن ہی عالمی کپ کے لیے ٹیم کو جوائن کر سکے ہیں۔

اسکواڈ میں شامل مچل اسٹارک، ٹریوس ہیڈ، کپتان پیٹ کمنز، گلین میکسویل، کیمرون گرین اور مارکس اسٹوئنس نے انڈین پریمیئر لیگ میں شرکت کی وجہ سے اب تک اسکواڈ کو جوائن نہیں کیا۔

چھ کھلاڑیوں کی عدم موجودگی کی وجہ سے ٹیم کو متبادل کھلاڑی تو دور فائنل الیون بھی پوری کرنا مشکل ہو گیا جس کی وجہ سے ٹیم کے کوچز اور دیگر اسٹاف کو میدان میں اترنا پڑا۔

ایک موقع پر آسٹریلیا کے چار متبادل کھلاڑی میدان میں موجود تھے جس میں ہیڈ کوچ اینڈریو میک ڈونلڈ، ان کے اسسٹنٹ بریڈ ہوج اور آندرے بوریوچ کے ساتھ ساتھ سلیکٹر جیارج بیلی نے بھی فیلڈنگ کے فرائض انجام دیے۔

فائنل الیون کو پورا کرنے کے لیے سب سے پہلے فیلڈنگ کوچ آندرے بوریوچ اور سلیکٹر جیارج بیلی میدان میں اترے تھے۔

تاہم اہم کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کے باوجود نمیبیا کے خلاف وارم اپ میچ میں کینگروز کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور انہوں نے جوش ہیزل وُڈ کے عمدہ اسپیل کی بدولت آسٹریلیا نے میچ میں نمیبیا کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

ہیزل وُڈ نے شاندار ابتدائی اسپیل کرایا اور 3 اوورز میں 3 میڈن کراتے ہوئے دو وکٹیں لیں جس کے سبب نمیبیا کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 119 رنز بنا سکی۔

جواب میں آسٹریلیا نے ڈیوڈ وارنر کی 54 رنز کی اننگز سے تقویت پاتے ہوئے تین وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔

آسٹریلیا کی ٹیم اپنا دوسرا وارم اپ میچ کل میزبان ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گی۔

کارٹون

کارٹون : 14 نومبر 2024
کارٹون : 13 نومبر 2024