• KHI: Fajr 5:12am Sunrise 6:27am
  • LHR: Fajr 4:41am Sunrise 6:02am
  • ISB: Fajr 4:45am Sunrise 6:08am
  • KHI: Fajr 5:12am Sunrise 6:27am
  • LHR: Fajr 4:41am Sunrise 6:02am
  • ISB: Fajr 4:45am Sunrise 6:08am

بھارت، جنوبی افریقہ کے درمیان ٹی 20 ورلڈکپ کا فائنل بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ

شائع June 28, 2024
فائل فوٹو:
فائل فوٹو:

ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کا فائنل 29 جون بروز ہفتہ ویسٹ انڈیز کے شہر برج ٹاؤن، بارباڈوس کے کنسنگٹن اوول اسٹیڈیم میں بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا جب کہ میگا ایونٹ کے فائنل کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اور طوفان کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔

بھارتی خبر رساں ادارے ’ٹائمز آف انڈیا‘ کی رپورٹ کے مطابق ان دنوں کیریبیئن خاص طور پر بارباڈوس میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور ورلڈ کپ 2024 موسم کی وجہ سے متاثر ہو رہا ہے، ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق دونوں فائنلسٹ ٹیموں اور آفیشلز کو بارش کی وجہ سے ایئر پورٹ پر تقریباً 6 گھنٹے کی تاخیر کا سامنا کرنا پڑا، کیریبین اور امریکا میں زیادہ تر میچ بارش سے متاثر رہے جس کے نتیجے میں کچھ میچ مکمل واش آؤٹ ہوگئے یا انہیں مختصر کردیا گیا۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے ورلڈ کپ 2024 کے فائنل میچ کے لیے بھی موسم کی صورتحال بدستور سازگار نہیں ہے، 29 جون بروز ہفتہ کے لیے بھی طوفان کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔

اگر بارش کے باعث میچ متاثر ہوتا ہے یا میچ شروع ہونے میں تاخیر ہوتی ہے تو اضافی 190 منٹ کا استعمال کرتے ہوئے میچ کو مکمل کیا جا سکتا ہے، اس کے لیے سیکنڈ بیٹنگ کرنے والی ٹیم کے لیے کم از کم 10 اوورز کھیلنا ضروری ہے۔

اگر دونوں ٹیموں کو کم از کم 10 اوورز کھیلنے کا موقع نہیں ملتا تو گائیڈ لائنز کے مطابق میچ ’ریزرو ڈے‘ کو کھیلا جائے گا۔

بارباڈوس میں ہونے والے فائنل میچ میں شیڈول میچ ’واش آؤٹ‘ ہونے کی صورت میں اتوار 30 جون کو ایک ریزروڈے رکھا گیا ہے، مقررہ دن میچ مکمل کرنے کے لیے اضافی 190 منٹ مختص کیے گئے ہیں، اگر میچ 29 جون کو مکمل نہیں ہوسکا تو یہ 30 جون کو وہیں سے شروع ہوگا جہاں سے رکا تھا، ضرورت پڑنے پر کم اوورز کے ساتھ میچ مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

آئی سی سی کی جانب سے مقرر کردہ پلیئنگ کنڈیشنز کے مطابق فائنل میچ ٹائی ہونے کی صورت میں فاتح ٹیم کا فیصلہ کرنے کے لیے سپر اوور کا استعمال کیا جائے گا، تاہم اگر سپر اوور نہیں ہو سکا اور ریزرو ڈے پر کسی فاتح کا تعین نہیں ہوتا تو میچ کو بے نتیجہ تصور کیا جائے گا، اور اس صورت میں دونوں ٹیموں، بھات اور جنوبی افریقہ کو مشترکہ فاتح قرار دیا جائے گا۔

برج ٹاؤن، بارباڈوس میں 29 جون کو گرج چمک کے ساتھ بارش کی گوئی

موسم کی پیش گوئی کے مطابق شہر کا مطلع ابر آلود رہے گا جب کہ صبح اور دوپہر میں بارش اور گرج چمک کے ساتھ طوفان کی توقع ہے، ایکو ویدر نے موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ میچ کے اوقات میں بارش کے 20 سے 47 فیصد امکانات کی پیش گوئی کی، مقامی وقت کے مطابق رات 3 بجے سے صبح 5 بجے تک اور پھر دوپہر 3 بجے سے شام 5 بجے تک گرج چمک کے ساتھ طوفان کا امکان ہے۔

میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔

میچ مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بج کر 30 سے دوپہر 2 بج کر 30 منٹ تک کھیلا جانا ہے، اس لیے میچ کے دوران ابر آلود موسم کی پیش گوئی کے باعث ہفتہ کو بلاتعطل میچ کا امکان ہے، تاہم اگر بارش ہوئی تو میچ کو ریزرو ڈے پر کھیلا جائے گا۔

موسم کی پیش گوئی کے مطابق 30 جون کو بھی صبح کے اوقات میں زیادہ تر مطلع ابر آلود رہے گا، دوپہر کے وقت وقفے وقفے سے بارش اور گرج چمک کا بھی امکان ہے۔

کارٹون

کارٹون : 8 اکتوبر 2024
کارٹون : 7 اکتوبر 2024