• KHI: Maghrib 6:31pm Isha 7:48pm
  • LHR: Maghrib 6:03pm Isha 7:24pm
  • ISB: Maghrib 6:08pm Isha 7:32pm
  • KHI: Maghrib 6:31pm Isha 7:48pm
  • LHR: Maghrib 6:03pm Isha 7:24pm
  • ISB: Maghrib 6:08pm Isha 7:32pm

اداریہ: اسمٰعیل ہنیہ کا ایران میں قتل، ’اسرائیل آگ سے کھیل رہا ہے‘

شائع August 1, 2024
اس میں کوئی شبہ نہیں کہ ایران کی سیکیورٹی کمزور تھی—تصویر: رائٹرز
اس میں کوئی شبہ نہیں کہ ایران کی سیکیورٹی کمزور تھی—تصویر: رائٹرز

گزشتہ روز علی الصبح حماس سربراہ اسمٰعیل ہنیہ کے قتل کے چونکا دینے والے واقعے نے پورے مشرقِ وسطیٰ کو غیریقینی کی صورت حال میں دھکیل دیا ہے جبکہ علاقائی انتشار کے خطرات میں بھی مزید اضافہ ہوا ہے۔

فلسطینی رہنما نومنتخب ایرانی صدر مسعود پیزشکیان کی تقریبِ حلف برادری میں شرکت کے لیے تہران میں موجود تھے۔ اگرچہ اسرائیل نے اس اشتعال انگیز فعل کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے لیکن یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ ان کے قتل کا ذمہ دار کون ہے۔ اسمٰعیل ہنیہ کے قتل سے چند گھنٹے پہلے اسرائیل نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں بھی بمباری کی تھی جس میں حزب اللہ کے اعلیٰ کمانڈر کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

اسمٰعیل ہنیہ کے قتل کے بعد اسرائیلی وزیر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی بھیانک کامیابی کا ’جشن‘ منایا۔ اسرائیل اس وقت آگ سے کھیل رہا ہے اور اس کی یہ من مرضی پورے خطے کو شدید انتشار کی حالت میں دھکیل سکتی ہے۔

اسمٰعیل ہنیہ کے قتل کے ساتھ اسرائیل نے تہران کو چیلنج کیا ہے۔ ایران کے لیے یہ دشوار ہوگا کہ وہ اپنی سرزمین پر ہونے والی سنگین اشتعال انگیزی کا جواب نہ دے۔ اسرائیل نے ایران جسے ’مزاحمت کا مرکز‘ تصور کیا جاتا ہے، قریبی اتحادی کو اسی کی سرزمین پر نشانہ بنایا ہے۔ تہران کو مکمل داخلی تحقیقات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اس بات کا تعین ہوسکے کہ اتنی اہم شخصیت کو قتل کیا ہو۔ یہ پہلا موقع نہیں کہ جب اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا ہو۔ ایران کے اعلیٰ ایٹمی سائنسدانوں اور جرنیلوں کو بھی اسی انداز میں نشانہ بنایا جاچکا ہے۔

تاہم تحقیقات میں جو بھی حقائق سامنے آئیں گے، اس کے قطع نظر یہ واضح ہے کہ ایران کی سیکیورٹی کمزور تھی اور ان کے ملک میں ہونے والے گزشتہ قاتلانہ حملوں کے پیشِ نظر ایران کو اپنا دفاع مضبوط بنانا چاہیے۔ لیکن ایران کی جانب سے انتقامی کارروائی تو کی جائے گی۔ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای جو ایران کے حتمی فیصلے کرتے ہیں، انہوں نے اسمعٰیل ہنیہ کے قتل کے بعد بیان دیا کہ ’ان کے خون کا بدلہ لینا ہمارا فرض ہے‘۔

مختلف حلقوں سے اسمعٰیل ہنیہ کے قتل کی مذمت کی جارہی ہے۔ مزاحمت میں ایران کے اتحادی حزب اللہ اور حوثیوں نے اس کی بھرپور مذمت کی جبکہ روس نے اسے’ناقابلِ قبول سیاسی قتل’ قرار دیا۔ دوسری جانب چین نے کہا کہ اسے اسمٰعیل ہنیہ کے قتل پر اسے ’گہری تشویش‘ ہے جبکہ پاکستان نے اسرائیل کی ’مہم جوئی‘ کی مذمت کی ہے۔

یہ حقیقت ہے کہ اسرائیل گزشتہ 10 ماہ سے غزہ میں حماس کو کچلنے میں ناکام ہوا ہے اور اسی بوکھلاہٹ میں بنیامن نیتن یاہو مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک جیسے شام، لبنان اور ایران کی خودمختاری میں مداخلت کررہے ہیں۔ اگرچہ امن کے تمام راستے تیزی سے بند ہو رہے ہیں جبکہ اس بحران سے باہر نکلنے کا واحد راستہ غزہ میں جاری قتل و غارت کو فوری طور پر روکنا ہے۔

اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ اسمٰعیل ہنیہ کے قتل کے ساتھ ہی مستقبل قریب کے لیے جنگ بندی کے امکانات مزید معدوم ہوگئے ہیں۔ امریکا اب بھی اسرائیل کو اس قتل و غارت گری سے روک سکتا ہے۔ لیکن چونکہ یہ انتخابات کا سال ہے تو یہ امکان کم ہی ہے کہ دونوں صدارتی امیدوار واشنگٹن میں موجود صہیونی لابی کے خلاف کھڑے ہوں۔ مشرقِ وسطیٰ یقیناً آنے والے چند دنوں تک شدید تناؤ کی زد میں رہے گا۔


یہ تحریر انگریزی میں پڑھیے۔

اداریہ

کارٹون

کارٹون : 19 ستمبر 2024
کارٹون : 17 ستمبر 2024