کوئٹہ: لیاقت بازار میں دستی بم حملے میں ایک شخص جاں بحق، 6 افراد زخمی
کوئٹہ لیاقت بازار میں دستی بم حملے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہوگئے۔
ڈان نیوز کے مطابق کوئٹہ کے لیاقت بازار میں نامعلوم افراد کی جانب سے دستی بم پھینکا گیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا اور 6 افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر سول ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
ترجمان سول ہسپتال نے دستی بم حملے میں ایک شخص کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایک شخص کی لاش ہسپتال لائی گئی ہے، جب کہ 6 زخمیوں کو بھی ہسپتال لایا گیا ہے جن میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے۔
دھماکے کے بعد پولیس او قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شواہد اکھٹے کرنے کے عمل کا آغاز کردیا ہے۔
واضح رہے کہ آج صبح 7 بجے کوئٹہ میں سریاب کے علاقے منیر مینگل روڈ پر گرلز اسکول میں دھماکا ہوا تھا، دھماکا نواب غوث بخش گرلز ہائی اسکول کے اندر ہوا، اسکول ٹائمنگ نہ ہونے کے باعث واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ دھماکے کے نتیجے میں اسکول کو شدید نقصان پہنچا ہے، دھماکے میں اسکول کا چوکیدار معمولی زخمی ہوا، دھماکے میں 200 گرام بارودی مواد اور بال بیرنگ کا استعمال کیا گیا ہے۔