• KHI: Maghrib 5:51pm Isha 7:08pm
  • LHR: Maghrib 5:12pm Isha 6:35pm
  • ISB: Maghrib 5:14pm Isha 6:39pm
  • KHI: Maghrib 5:51pm Isha 7:08pm
  • LHR: Maghrib 5:12pm Isha 6:35pm
  • ISB: Maghrib 5:14pm Isha 6:39pm

چیمپئنز ٹرافی 2025 پاکستان سے منتقل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، آئی سی سی

شائع September 12, 2024
فائل فوٹو: ایکس
فائل فوٹو: ایکس

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیف ایگزیکٹیو جیوف ایلارڈائس نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 پاکستان میں ہی ہوگی اور آئی سی سی کا اس ٹورنامنٹ کو کسی اور جگہ منتقل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ویمنز ٹی20 ورلڈکپ کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے دوران ایک سوال کے جواب میں آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو جیوف ایلارڈائس نے کہا کہ ابھی تک تو چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کا اگلے سال پاکستان میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی کو وہاں سے منتقل کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے کیوں کہ اب تک کسی بھی ٹیم کی جانب سے یہ ٹورنامنٹ پاکستان میں کھیلنے سے متعلق کوئی اعتراض سامنے نہیں آیا۔

آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے تمام رکن ممالک کے باقاعدہ دورے کرتا رہا ہے لہذا چیمپئنزٹرافی 2025 پاکستان میں ہونا کوئی مشکل بات نہیں ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ آئی سی سی کی یقین دہانی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مطمئن ہوگا تاہم اب منصوبہ بندی بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو کرنے کی ضرورت ہے۔

رپورٹ کے مطابق بھارتی بورڈ کے پاس اب دو آپشن ہوں گے، یا تو وہ پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کھیلے یا ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ گوتم گمبھیر اور بی سی سی آئی یہ ایونٹ کھیلنا چاہتے ہیں تاہم یہ معاملہ حکومت کے پاس ہے کہ وہ اس پر کیا موقف اختیار کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ بی سی سی آئی نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کے دورے کے حوالے سے اب تک کوئی واضح بیان نہیں دیا، تاہم یہ بات تو طے ہے کہ وہ حکومت کی منظوری کے بغیر پاکستان میں نہیں کھیلے گا۔

بھارت نے ایشیا کپ 2008 کے بعد سے پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلا، جب کہ 2013-2012 میں پاکستان کے دورہ انڈیا کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کوئی دو طرفہ سیریز بھی نہیں کھیلی گئی ہیں۔

گزشتہ سال بھی ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو ملی تھی لیکن بھارت نے پاکستان آنے سے صاف انکار کردیا تھا جس کے بعد ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارت کے تمام میچز سری لنکا میں شیڈول کیے گئے تھے، جہاں کولمبو میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے آسانی سے سری لنکا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان اس چیمپئنز ٹرافی میں دفاعی چیمپئن کے طور پر شریک ہوگا، آخری بار چیمپئنز ٹرافی 2017 میں ہوئی تھی جو پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں جیتی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 1 نومبر 2024
کارٹون : 31 اکتوبر 2024