• KHI: Fajr 5:08am Sunrise 6:24am
  • LHR: Fajr 4:35am Sunrise 5:56am
  • ISB: Fajr 4:39am Sunrise 6:02am
  • KHI: Fajr 5:08am Sunrise 6:24am
  • LHR: Fajr 4:35am Sunrise 5:56am
  • ISB: Fajr 4:39am Sunrise 6:02am

اسرائیل کا حزب اللہ کے ایک اور سینئر رہنما کو شہید کرنے کا دعویٰ

شائع September 29, 2024
حزب اللہ نے تاحال نبیل قاووق کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا—فائل فوٹو:
حزب اللہ نے تاحال نبیل قاووق کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا—فائل فوٹو:

اسرائیلی فوج نے ایران کی حمایت یافتہ لبنانی تنظیم حزب اللہ کے ایک اور سینئر رہنما نبیل قاووق کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے حزب اللہ کی اندرونی سیکیورٹی کے انچارج سینئر رہنما نبیل قاووق کو مار دیا ہے۔

اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے حزب اللہ کے سینئر رہنما کو فریقین کے درمیان جاری حملوں کے تبادلے کے دوران قتل کیا۔

حزب اللہ نے تاحال اپنی اندرونی سیکیورٹی کے انچارج نبیل قاووق کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا لیکن تنظیم کے حامی ہفتے کے روز سے ان کے لیے سوگ کے پیغامات سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر جاری کر رہے ہیں۔

تاہم حزب اللہ نے تصدیق کی کہ اس کے ایک سینئر کمانڈر علی کرکی جمعے کے روز اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہوگئے جس میں اس کے رہنما حسن نصر اللہ بھی شہید ہوئے تھے۔

دوسری جانب غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے کہا کہ وہ حزب اللہ کے ہتھیاروں کے ذخیرہ کرنے کی تنصیبات اور لبنان میں بنیادی ڈھانچے کے مقامات کو نشانہ بنانے کے لیے مزید حملے کر رہی ہے۔

فوج نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران آئی ڈی ایف فوجی لڑاکا طیاروں نے لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جہاں سے راکٹس کو اسرائیلی سرزمین کی طرف لانچ کیا گیا، حملوں میں ہتھیاروں کے ذخیرہ کرنے کی تنصیبات اور دہشت گردوں کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا۔

واضح رہے کہ آج لبنان کے میڈیکل اور سیکیورٹی ذرائع نے ایران کی حمایت یافتہ لبنانی تنظیم حزب اللہ کے شہید سربراہ حسن نصر اللہ کا جسد خاکی بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے سے ملنے کی تصدیق کردی تھی۔

لبنان کے میڈیکل اور سیکیورٹی دونوں ذرائع نے کہا تھا کہ ان کے جسم پر کوئی براہ راست زخم نہیں تھا اور ایسا لگتا ہے کہ موت کی وجہ دھماکے کی شدت سے ہونے والا طاقتور اثر تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز حزب اللہ نے اسرائیلی حملے میں اپنے سربراہ حسن نصراللہ کی شہادت کی تصدیق کی تھی جب کہ اسرائیل نے بیروت حملوں میں ان کے علاوہ دیگر سینئر رہنماؤں کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اس حملے میں حسن نصراللہ کی بیٹی زینت نصراللہ نے بھی جام شہادت نوش کیا جب کہ اسرائیلی فوج کے مطابق حزب اللہ کے دو اہم کمانڈر بھی اس حملے میں دم توڑ گئے۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ بیروت پر اسرائیلی فوج نے 5،5 ہزار پاؤنڈ کے بم برسائے، ایف 35 لڑاکا طیاروں نے شہری آبادی کو نشانہ بنایا، سات گھنٹے تک وقفے وقفے سے ہونے والی بمباری کے نتیجے میں کئی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔

غیر ملکی خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق گزشتہ روز اسرائیل نے لبنان کے درالحکومت بیروت پر اب تک کا سب سے بڑا حملہ کیا جس میں حزب اللہ کے ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنایا گیا جس کا بنیادی مقصد سید حسن نصر اللہ کو مارنا تھا۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 30 ستمبر 2024
کارٹون : 28 ستمبر 2024