• KHI: Fajr 5:46am Sunrise 7:07am
  • LHR: Fajr 5:26am Sunrise 6:53am
  • ISB: Fajr 5:34am Sunrise 7:03am
  • KHI: Fajr 5:46am Sunrise 7:07am
  • LHR: Fajr 5:26am Sunrise 6:53am
  • ISB: Fajr 5:34am Sunrise 7:03am

چیمپئنز ٹرافی: پاکستان کا ہائبرڈ ماڈل پر آئی سی سی سے تحریری یقین دہانی کا مطالبہ

شائع December 10, 2024
— فائل فوٹو: پی سی بی
— فائل فوٹو: پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے ہائبرڈ ماڈل پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے تحریری یقین دہانی مانگ لی۔

بھارتی نشریاتی ادارے ’این ڈی ٹی وی‘ نے ’انڈو-ایشین نیوز سروس‘ کے حوالے سے بتایا ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے حوالے سے حتمی اعلان بدھ کے روز متوقع ہے۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پی سی بی نے مبینہ طور پر آئی سی سی سے مستقبل کے ٹورنامنٹس کے لیے ہائبرڈ ماڈل پر تحریری یقین دہانی کا مطالبہ کیا ہے، یہ مطالبہ ایک ایسے وقت سامنے آیا جب بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے آئی سی سی کو آگاہ کیا کہ بھارتی ٹیم حکومت کی پالیسی کے تحت پاکستان کا دورہ نہیں کرے گی۔

خیال رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی کے حوالے سے ڈیڈ لاک کے بعد پی سی بی نے چیمپیئنز ٹرافی کے لیے ہائبرڈ ماڈل کو قبول کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی جس میں بھارت کے میچ دبئی میں کھیلے جائیں گے جبکہ باقی ٹورنامنٹ پاکستان میں کھیلا جائے گا۔

گروپ میچز کے علاوہ اس ماڈل کے تحت بھارت سیمی فائنل اور فائنل میچز بھی دبئی میں کھیلے گا۔

تاہم پی سی بی نے آئی سی سی سے مستقبل میں بھارت میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی ایونٹس کے لیے ہائبرڈ ماڈل پر تحریری یقین دہانی کا مطالبہ کیا ہے، ذرائع کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے فیصلہ بدھ تک متوقع ہے۔

قبل ازیں پاکستان میں منعقد کی جانے والی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے شیڈول سے پہلے ہی براڈ کاسٹرز نے ایونٹ کا پرومو جاری کیا۔

اسٹار اسپورٹس کی جانب سے اپنے یوٹیوب چینل پر جاری چیمپئنز ٹرافی 2025 کے پرومو میں بھارت کے موجودہ اور سابق کپتان (روہت شرما اور ویرات کوہلی) سے ویڈیو کا آغاز کیا گیا ہے۔

چیمپئنز ٹرافی کا اعلان

یہ بات قابل ذکر ہے کہ آئی سی سی کو چیمپینز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان قانونی طور پر 21 نومبر سے پہلے کرنا تھا، 20 نومبر کو ڈان نیوز نے رپورٹ کیا تھا کہ آئی سی سی کے لیے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے حوالے سے پاک-بھارت تنازع درد سر بن گیا ہے اور آئی سی سی کا ہنگامی اجلاس بلائے جانے کا امکان ہے۔

آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 1996 اور 2008 کے ایشیا کپ کے بعد پاکستان کو ایک عرصے بعد پہلی بار چیمپئنز ٹرافی 2025 کی صورت میں آئی سی سی کے کسی بڑے ایونٹ کی میزبانی ملی ہے، جس کے تمام میچز اگلے سال 19 فروری سے 19 مارچ تک پاکستان کے تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) اپنی حکومت کی جانب سے دورہ پاکستان کی اجازت نہ ملنے پر پاکستان آمد سے انکار کرتے ہوئے اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر منتقل کرنے کی تجویز پیش کرچکا ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نیوٹرل وینیو پر کھیلنے سے انکاری اور بھارت کے بغیر ٹورنامنٹ کرانے پر مُصر ہے۔

بھارت نے ایشیا کپ 2008 کے بعد سے پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلا، جبکہ 13-2012 میں پاکستان کے دورہ بھارت کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کوئی دو طرفہ سیریز بھی نہیں کھیلی گئی ہے۔

گزشتہ سال بھی ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو ملی تھی لیکن بھارت نے پاکستان آنے سے صاف انکار کردیا تھا جس کے بعد ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارت کے تمام میچز سری لنکا میں شیڈول کیے گئے تھے، جہاں کولمبو میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے آسانی سے سری لنکا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا تھا۔

پاکستان اس چیمپئنز ٹرافی میں دفاعی چیمپئن کے طور پر شریک ہوگا، آخری بار چیمپئنز ٹرافی 2017 میں ہوئی تھی جو پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں جیتی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 11 دسمبر 2024
کارٹون : 10 دسمبر 2024