قومی سطح پر اہداف کے حصول کیلئے کام ہورہا ہے، شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قومی سطح پر اہداف کے حصول کے لیے کام ہورہا ہے،تمام انسانوں کو عزت اور وقار کے ساتھ جینے کا حق حاصل ہے، تمام صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔
اسلام آباد میں انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 1948 میں انسانی حقوق سے متعلق یونیورسل ڈیکلریشن بنا، شہریوں کے بنیادی حقوق کو اجاگر کرنے پر وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا شکر گزار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ 1400 سال قبل ہمارے دین نے انسانی حقوق کا درس دیا، قائداعظم نے بھی کہا تھا کہ پاکستان میں تمام لوگ برابر ہیں، ہمیں رنگ ونسل اور ذات پات سے بالاتر ہوکر آگے بڑھنا ہوگا، تمام انسان آزاد پیدا ہوئے ہیں، ہمیں عبادت سمجھ کر اس مشن کو لے کر چلنا ہے، تمام انسانوں کو عزت اور وقار کے ساتھ جینے کا حق حاصل ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قومی سطح پر اہداف کے حصول کیلئے کام ہورہا ہے، تمام صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ نوازشریف کی قیادت میں پنجاب میں پاکستان کا خواتین کے خلاف تشدد کا پہلا مرکز قائم کیا تھا، جنوبی پنجاب میں بچیوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لیے ’زیور تعلیم‘ پروگرام شروع کیا جس میں ان کے وظائف کو بڑھانے کے ساتھ تعلیم کو یقینی بنایا گیا۔
اسی طرح بھٹوں پر چائلڈ لیبر کی بیڑیوں کو ہمیشہ کے لیے کاٹ دیا، بھٹوں پر کام کرنے والے کم عمر بچوں کو اسکولوں میں لے کر آئے ، 90 ہزار بھٹہ مزدور بچوں کو قید سے نکال کر اسکولوں میں ڈالا، یہ وہ چند چیزیں تھی جس سے ماضی میں ہم نے چائلڈ لیبر کا خاتمہ کیا لیکن آج ہمیں آج اس سے زیادہ اقدامات اٹھانے ہونے ہوں گے تاکہ ملک کو آگے لے کر جاسکیں۔