’سب کی نظریں رفح پر‘ بھارت میں 2024 میں سب سے زیادہ تلاش کیا جانے والا جملہ
انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل نے دنیا بھر میں سب سے زیادہ تلاش کی جانے والی شخصیات، ڈراموں، فلموں، سوالات اور جملوں کی فہرست جاری کردی۔
گوگل کی جانب سے جاری کردہ فہرست کے مطابق ہندو آبادی کے سب سے بڑے اور اسرائیل کے حامی ملک بھارت میں حیران کن طور پر ’سب کی نظریں رفح پر‘ جملے کو تلاش کیا گیا اور اس کی معنی جاننے کی کوشش کی گئی۔
حیران کن طور پر مذکورہ جملے کو پاکستان، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور مصر سمیت دیگر مسلمان ممالک میں سرچ نہیں کیا گیا۔
علاوہ ازیں گوگل کی جانب سے جاری کردہ فہرست کے مطابق پاکستان میں فلسطین سے متعلق کوئی بھی چیز تلاش نہیں کی گئی۔
گوگل نے پاکستان میں سب سے زیادہ تلاش کی جانے والی شخصیات، ڈراموں، سوالات، گانوں اور کھیلوں کی فہرست جاری کی ہے، اس بار گوگل نے پاکستان میں سب سے زیادہ تلاش کی جانے والی خبروں کی فہرست جاری نہیں کی۔
گوگل کی جانب سے جاری کردہ فہرست کے مطابق بھارت میں سب سے زیادہ ’سب کی نظریں رفح پر‘ کے جملے کی معنی تلاش کی گئی۔
بھارت میں سب سے زیادہ تلاش کیے گیے جملوں کی فہرست درج ذیل ہے۔
1- سب کی نظریں رفح پر
2 - اکائے
3 - سروائیکل کینسر
4 - طوائف
5 - ڈیمور
6 - پوکی
7- بھگدڑ (Stampede)
8 - موئے موئے
9 - تقدیس (Consecration)
10 - جمعہ مبارک
یہاں یہ بات یاد رہے کہ فلسطین پر اسرائیلی حملے کے بعد فلسطینی افراد نے ’سب کی نظریں رفح پر‘ کے عنوان سے آرٹیفیشل انٹلی جنس (اے آئی) کی مدد سے ایک تصویر بناکر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی جو کہ خوب وائرل ہوئی تھی۔
(آل آئیز آن رفح) کے عنوان سے بنائی گئی تصور میں اسرائیلی بمباری سے بے گھر ہونے والے افراد کو کیمپوں میں دکھایا گیا تھا۔
مذکورہ تصویر دنیا بھر میں وائرل ہوئی تھی مئی 2024 کے اختتام تک اسے صرف انسٹاگرام پر 5 کروڑ سے زائد بار شیئر کیا گیا تھا اور اسے شیئر کرنے والی شخصیات میں معروف ہولی وڈ شخصیات بھی شامل تھیں۔