بھارتی اداکار سیف علی خان پر حملہ کرنے والا شخص گرفتار
بھارت کے معروف اداکار سیف علی خان پر چاقو سے حملہ کرنے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
بھارتی خبر رساں ادارے ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق ممبئی پولیس نے بولی وڈ اداکار پر حملہ کرنے والے شخص کو گرفتار کیا، ممبئی پولیس نے حملہ آور کی تلاش کے لیے 20 ٹیمیں تشکیل دی تھی۔
گزشتہ روز چاقو حملے کے بعد پولیس نے حملہ آور کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی تھی جس میں حملہ آور کو ملحقہ راستے سے کمپاؤنڈ میں داخل ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مشتبہ شخص اداکار کے گھر کی سیڑھی سے داخل ہو رہا ہے، اس نے ٹی شرٹ اور جینز پہن رکھی ہے جبکہ اس کے کندھے پر نارنجی رنگ کا اسکارف ہے۔
پولیس ذرائع نے ادارکار کے گھریلو عملے کا حوالے دیتے ہوئے این ڈی ٹی وی کو بتایا کہ حملہ آور نے سیف علی خان سے ایک کروڑ روپے کا مطالبہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ سیف علی خان کو 16 جنوری کو رات دیر گئے تقریبا ڈھائی بجے ان کے ممبئی کے پوش علاقے باندرا میں گھر میں مبینہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر حملہ آور نے زخمی کر دیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق سیف علی خان پر چاقو کے 6 وار کیے گئے، جس میں سے دو وار شدید تھے اور دو وار ریڑھ کی ہڈی کے قریب کیے گئے تھے۔
بعد ازاں، شدید زخمی ہونے والے بولی وڈ اداکار سیف علی خان کی سرجری کردی گئی تھی۔
بھارتی اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ نے سیف علی خان کی ٹیم کی جانب سے جاری کردہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ ڈاکٹروں نے اداکار کی حالت خطرے سے باہر قرار دے دی۔