کراچی:میری ٹائم میوزیم میں ملازمت کرنے والی خاتون اغوا کے بعد قتل، 2 ملزم گرفتار
کراچی میں گلبرگ ٹاؤن سے 2 روز قبل اغوا کی جانے والی خاتون کی لاش سرجانی ٹاؤن سے مل گئی، خاتون کی رہائی کے عوض اہلخانہ سے ایک کروڑ روپے تاوان طلب کیاگیا تھا، پولیس نے اغوا اور قتل میں ملوث 2 ملزمان کو حراست میں لے کر ان کی نشاندہی پر لاش برآمد کی۔
ڈان نیوز کے مطابق پولیس نے رات گئے سرجانی میں کارروائی کرکے ایک گھر سے مغوی خاتون کی لاش برآمد کرلی، واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے،ایف آئی آر کے متن کے مطابق خاتون 2 روز قبل گھر سے نکلی لیکن واپس نہیں لوٹی۔
ایف آئی آر کے مطابق اہلخانہ کو خاتون پر تشدد کی ویڈیو موصول ہوئی جس میں رہائی کے بدلے ایک کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیاگیا تھا۔
خاتون کے شوہر نے بتایا کہ ’فیڈرل بی ایریا بلاک 16 کا رہائشی ہوں، میں اور میری بیوی میری ٹائم میوزیم میں شاپ کیپر کی جاب کرتے ہیں، میری اہلیہ سحر فاطمہ کی ڈیوٹی دوپہر 3 سے رات 10 بجے تک تھی۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ 15 فروری کو پیش آیا گزشتہ روز کیس اینٹی وائلنٹ کرائم سیل کو منتقل کیا گیا تھا۔
بعدازاں اے وی سی سی پولیس،رینجرز اور سی پی ایل سی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے سرجانی ٹاؤن سے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی اے وی سی سی کے مطابق زیرحراست ملزمان کی نشاندہی پر سرجانی ٹاؤن میں مکان پر چھاپہ مارا جہاں سے خاتون کی لاش ملی، خاتون کے اغوا اور قتل میں ملوث دو افراد نکسن اور وسیم کو حراست میں لے لیا گیا، زیرِ حراست ملزمان سے خاتون کے اغوا اور قتل کے حوالے سے تفتیش جاری ہے۔
ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق اغوا برائے تاوان میں ملوث 2 ملزمان وسیم رضا اور نکسن کو گرفتار کیا گیا جن کی نشاندہی پر خاتون سحر کی لاش برآمد کرلی گئی۔
ترجمان رینجرز سندھ کے مطابق ملزمان نے خاتون سحر کو 15 فروری کو گلبرگ ٹاؤن سے اغوا کرکے سرجانی میں کرائے کے مکان میں رکھااور رہائی کے لیے ایک کروڑ روپے تاوان طلب کیا تھا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان نے مغویہ کے ہاتھ پاؤں باندھ کر ویڈیو بنائی اور ان کے والد کو بھیجی تھی، ملزمان نے تاوان نہ ملنے پر ملزمان نے مغویہ خاتون کو بے دردی سے قتل کردیا، ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان کو قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔