شوہر کی وفات کے 5 ماہ بعد شگفتہ اعجاز کی سوشل میڈیا پر واپسی
شگفتہ اعجاز نے شوہر کے انتقال کے تقریبا نصف سال بعد سوشل میڈیا پر واپسی کرتے ہوئے شوہر کے جانے کے بعد پیش آنے والی پریشانیوں پر بات کرتے ہوئے ڈپریشن کا شکار ہونے کا انکشاف کردیا۔
سینئر اداکارہ شگفتہ اعجاز نے شوہر کی وفات کے تقریباً 5 ماہ بعد وی لاگ بنایا اور شوہر کے آخری دنوں اور ان کے جانے سے زندگی میں رونما ہونے والی تبدیلیوں پر کھل کر بات کی۔
اداکارہ کے شوہرماضی کے پروڈیوسر یحییٰ صدیقی ایک طویل عرصے سے کینسر سے جنگ لڑ رہے تھے اورگزشتہ برس اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔
شوہر کے انتقال کے بعد تقریباً 5 ماہ تک اداکارہ نے فیملی وی لاگنگ نہیں کی اور نہ ہی اپنا حال دل اپنے فالوورز سے بیان کیا۔
یوٹیوب پر شگفتہ اعجاز کے سبسکرائبرز کی تعداد 6 لاکھ سے زائد ہے، جب کہ انسٹاگرام پر انہیں 8 لاکھ سے زائد افراد فالو کرتے ہیں۔
چند روز قبل انہوں نے انسٹاگرام پر مرحوم شوہر کی قبر پر پھول چڑھانے کی جذباتی ویڈیو بھی شیئر کی تھی، جس نے صارفین کو بھی رنجیدہ کردیا تھا۔
تاہم، اب کچھ ماہ کے بریک کے بعد انہوں نے اپنے یوٹیوب چینل پر واپسی کی۔
ویڈیو میں اداکارہ خاصی رنجیدہ اور سادہ سے لباس میں نظر آئیں، جہاں انہوں نے اپنے سبسکرائبرز کو مخاطب کرتے ہوئے خوش آمدید بھی کہا۔
اداکارہ نے شوہرکو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ ویسے تو ہم سب ہی ان کے آس پاس رہتے تھے، تاہم آخری دس دنوں میں وہ ایک لمحے کے لیے بھی مجھے خود سے دور نہیں ہونے دیتے تھے۔
انہوں نے شوہر کو سپورٹ سسٹم قرار دیتے ہوئے کہا کہ جیسے ہر کامیاب مرد کے پیچھے عورت کا ہاتھ ہوتا ہے، بالکل اسی طرح ایک کامیاب اور خوش عورت کے پیچھے بھی اس کے شوہر کا ہاتھ ہوتا ہے۔
انہوں نے شوہر کی وفات کے بعد سوشل میڈیا سے کنارہ کشی اختیار کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ میں ذہنی صحت کے مسائل جیسی کئی ملی جلی کیفیات سے نبرد آزما تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ سمجھ نہیں آرہا تھا کہ اب کیا ہوگا، وہ جھنجھلاہٹ اور پریشانی میں مبتلا تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسا محسوس ہونے لگا تھا جیسے زندگی اب بےحد مشکل ہوگئی ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ شوہر کے جانے سے میری زندگی بری طرح متاثر ہوئی اور اس کا سبب کام کا نہ ہونا نہیں بلکہ شوہر کا جانا تھا۔
شگفتہ اعجاز کے مطابق شوہر کے جانے کے بعد وہ اپنے کمرے تک محدود ہوگئی تھیں، ان کا کہیں جانے یا کسی سے ملنے کا دل نہیں کرتا تھا۔
اداکارہ نے بتایا کہ حالاں کہ انہیں فیملی سپورٹ حاصل تھیں، دونوں چھوٹی بیٹیاں ہر وقت ان کے ساتھ رہتی ہیں، تاہم ان کی ذہنی صحت خراب ہو رہی تھی۔
ذہنی صحت کے حوالے سے مزید بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ان تبدیلیوں کی وجہ سے ماہر نفسیات کی خدمات بھی حاصل کیں۔
اداکارہ کی جانب سے ویڈیو شیئر کیے جانے کے بعد ان کے سبسکرائبرز انہیں تسلی اور صبر کی تلقین کرتے نظر آئے۔
صارفین کا کہنا ہے کہ آپ ایک باہمت خاتون ہیں اور اچھی بیوی ہونے کا بھرپور حق ادا کیا۔