بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان تمیم اقبال کو دوران میچ دل کا دورہ
بنگلہ دیش کے سابق کپتان تمیم اقبال کو ڈھاکا پریمیئر ڈویژن کرکٹ میچ کے دوران دل کا دورہ پڑ گیا، جس کے بعد ان کی انجیو پلاسٹی کی گئی۔
کھیلوں کی ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ محمڈن اسپورٹنگ کلب اور شائن پوکر کرکٹ کلب کے درمیان 50 اوور کے مقابلے میں اس وقت پیش آیا، جب 36 سالہ تمیم اقبال کو اپنے سینے میں درد محسوس ہوا۔
محمڈن کی قیادت کرنے والے تمیم اقبال صرف ایک اوور میدان میں رہے، جس کے بعد انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔
رپورٹ میں میچ ریفری دیبابراتا پال کے حوالے سے بتایا گیا کہ ابتدائی طور پر تمیم اقبال کی ہسپتال منتقلی کے لیے ایک ہیلی کاپٹر کا انتظام کیا گیا تھا، لیکن انہیں ساور کے بی کے ایس پی گراؤنڈ سے اڑایا نہیں جا سکا، بعد ازاں تمیم اقبال کو فضیلۃ النساء اسپتال لے جایا گیا۔
ڈاکٹروں نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ تشویش ناک حالت میں ہمارے پاس واپس آئے، ہم اسے ہارٹ اٹیک کہہ سکتے ہیں، بعد ازاں رکاوٹ کو دور کرنے کے لیے انجیوگرام اور انجیو پلاسٹی کی گئی، وہ فی الحال زیر نگرانی ہیں۔
بی کے ایس پی اور ہسپتال کے طبی عملے کے درمیان تیز رفتار ہم آہنگی نے اس بات کو یقینی بنایا کہ تمیم اقبال کا جلد علاج کیا جائے۔
تمیم اقبال نے رواں برس جنوری میں دوسری بار انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، اس سے قبل جولائی 2023 میں انہوں نے ایک جذباتی پریس کانفرنس کے دوران بھی ایسا ہی اعلان کیا تھا لیکن بنگلہ دیش کی اس وقت کی وزیر اعظم شیخ حسینہ کی مداخلت کے بعد 24 گھنٹوں کے اندر اپنا فیصلہ واپس لے لیا تھا۔
بنگلہ دیش کے سابق کپتان تمیم اقبال نے آخری بار 2023 میں ٹیم کی نمائندگی کی تھی، انہوں نے بنگلہ دیش کے لیے 70 ٹیسٹ میچز میں 5 ہزار 134 رنز اور 243 ون ڈے انٹرنیشنل میں 8 ہزار 357 رنز بنائے، جبکہ نے 78 ٹی 20 انٹرنیشنل میں بھی ایک ہزار 758 رنز اسکور کیے۔