پاکستان

چکوال ضمنی الیکشن: خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکنے پر ازخودنوٹس

پی پی 23 میں ضمنی انتخابات گذشتہ ماہ 28 اپریل کو منعقد ہوئے تھے، الیکشن کمیشن نے معاملے کا ازخودنوٹس لیا۔

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے چکوال ضمنی انتخابات کے دوران 6 پولنگ اسٹیشنز پرخواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکنے کے معاملے پر از خود نوٹس لے لیا۔

الیکشن کمیشن کو چکوال میں صوبائی اسمبلی کے حلقے پی پی 23 میں ووٹنگ کی نگرانی کرنے والے ریٹرننگ افسر کی جانب سے ایک خط موصول ہوا تھا، جس میں بتایا گیا تھا کہ 6 پولنگ اسٹیشنز پر خواتین کو ووٹ نہیں ڈالنے دیا جارہا۔

واضح رہے کہ چکوال کے حلقے پی پی 23 میں ضمنی انتخابات گذشتہ ماہ 28 اپریل کو منعقد ہوئے تھے، جس میں حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے شہریار اعوان نے کامیابی حاصل کی تھی۔

مزید پڑھیں: تحریک انصاف چکوال ضمنی انتخابات کے لیے نااہل قرار

الیکشن کمیشن کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ریٹرننگ افسر کی جانب سے لکھے گئے خط پر الیکشن کمیشن نے ازخود نوٹس لیا اور اس معاملے کو بدھ (3 مئی) کو سماعت کے لیے مقرر کردیا۔

اس سلسلے میں ریٹرننگ افسر سمیت الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں کو بھی نوٹسز جاری کردیئے گئے۔

یہ بھی پڑھیں:'لوئردیر ضمنی انتخاب کے نتائج کالعدم قرار دیے جائیں'

بدھ (3 مئی) کو چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا اس معاملے پر الیکشن کمیشن کے بینچ کی سربراہی کریں گے۔

اس سے قبل ماضی میں بھی الیکشن کمیشن صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے دیر میں صوبائی اسمبلی کے حلقے پی پی 95 میں خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکنے کے معاملے پر ازخود نوٹس لے چکا ہے، جس کے بعد ان انتخابات کو کالعدم قرار دے دیا گیا تھا۔