دنیا

جالندھر میں تیندوے نے دہشت پھیلادی، حملے میں 4 افراد زخمی

تیندوے کے آنے سے پورے شہر میں کئی گھنٹوں تک دہشت کا سماں رہا، واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

بھارتی ریاست پنجاب کے شہر جالندھر میں تیندوے کے آنے سے پورے شہر میں کئی گھنٹوں تک دہشت کا سماں رہا اور چھ گھنٹے کی سخت محنت کے بعد بالآخر اسے بے ہوش کر کے قابو کر لیا گیا۔

8لاکھ نفوس پر مشتمل اس شہر میں تیندوا کئی گھنٹوں تک گلیوں اور سڑکوں کی دہشت کی علامت بنا گھومتا رہا اور اس دوران متعلقہ حکام کی اسے پکڑنے کی تمام تر کوششیں ناکام ہو گئیں۔

مزید پڑھیں: جب ایک شیر کا سامنا 20 لگڑ بھگوں سے ہوا

جمعرات کو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں تیندوے کو شہر بھر میں ادھر سے ادھر بھاگتے دیکھا جا سکتا ہے۔

تیندوے کے حملے کے نتیجے کل چار افراد زخمی ہوئے لیکن ان تمام افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

یہ تمام افراد تیندوے کو دیکھنے کے لیے جمع ہوئے تھے لیکن بعدازاں شہر سے بھاگنے کے لیے کوشاں جنگلی جانور کے حملے میں زخمی ہو گئے۔

ایک شخص تیندوے کو جال کے ذریعے پکڑنے کی کوشش کر رہا ہے— فوٹو: اے ایف پی

کچھ رپورٹس کے مطابق شہریوں نے جنگلی جانور پر پتھر بھی پھینکے تاکہ نہ صرف اپنا بچاؤ کیا جا سکے بلکہ کسی میدانی علاقے کی جانب بھیجا جا سکے۔

ریاست پنجاب کے محکمہ جنگلات کے حکام کے مطابق یہ تیندوا ہماچل پردیش کے قریب واقع پہاڑی علاقوں سے تعلق رکھتا ہے اور صحراؤں، جنگلوں اور میدانوں ست ہوتا ہوا پنجاب آ پہنچا۔

بالآخر چھ گھنٹے کی انتھک محنت کے بعد تیندوے کو ایک گھر کے کونے میں دھکیل دیا گیا جہاں اسے بے ہوش کر کے قابو کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: برفانی چیتے کی نسل کو بچانے کیلئے 45 لاکھ ڈالر مختص

ابتدائی طور پر محکمہ جنگلی حیات کے حکام نے تیندوے کو جال کے ذریعے پکڑنے کی کوشش کی لیکن ناکامی پر بے ہوش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

بے ہوش تیندوے کو پنجرے میں ڈال کر چھتبیر جیل منتقل کردیا گیا جہاں کچھ دن تک اس کا جائزہ لینے کے بعد مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا۔