لائف اسٹائل

بھارتی اداکار اعجاز خان متنازع ویڈیو شیئر کرنے پر گرفتار

اعجاز خان نے 'ٹک ٹاک' پر اشتعال انگیز ویڈیو شیئر کی تھی، ایک اور ویڈیو میں ممبئی پولیس کا مذاق اڑایا تھا۔

بھارتی اداکار اعجاز خان کو ممبئی پولیس کے سائبر پولیس اسٹیشن نے معروف ویڈیو شیئرنگ ایپ 'ٹِک ٹاک' پر متنازع ویڈیو میں ممبئی پولیس کا مذاق اڑانے پر گرفتار کرلیا۔

انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق اعجاز خان کی ویڈیو ’کمیونل‘ کیٹیگری میں ٹیگ تھی جو ان کی گرفتاری کی وجہ بنی۔

پولیس حکام نے بتایا کہ اداکار کو سیکشن 153-اے (دو گروہوں کے درمیان دشمنی کو فروغ دینے) اور سیکشن 67 (غیر اخلاقی مواد نشر کرنے) کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ٹیم 07 گروپ کے ٹِک ٹاک اسٹار فیصل خان نے تبریز انصاری سے متعلق اشتعال انگیز ویڈیو جاری کی تھی۔

بعد ازاں اسی موضوع پر ایک اور ویڈیو بنائی گئی جس میں اداکار اعجاز خان بھی موجود تھے اور انہیں ممبئی پولیس کا مذاق اڑاتے دیکھا گیا تھا۔

مشتعل افراد کی جانب سے مبینہ طور پر تبریز انصاری کے قتل پر اعجاز خان نے ایک کمیونل ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں تمام مسلمانوں پر واقعے کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے پر زور دیا گیا تھا۔

اداکار اعجاز خان نے پرانی ویڈیو میں ممبئی پولیس کا مذاق اڑاتے ہوئے پوچھا تھا ’ وارنٹ لایا کیا‘۔

مذکورہ ویڈیو بھارتی فلم کے ڈائیلاگز پر مبنی تھی، اس معاملے پر فیصل خان کو بھی ملزم قرار دیا گیا ہے۔