پاکستان

کراچی: مختلف علاقوں میں ہلکی بارش، بوندا باندی سے موسم خوشگوار

بارش کا ایک اور اسپیل 22 اور 23 مارچ کی شام کراچی اور صوبہ سندھ کے دیگر حصوں میں داخل ہونے کی توقع ہے، سربراہ محکمہ موسمیات
|

کراچی میں گرد آلود ہوائیں چلنے کے بعد مختلف علاقوں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔

محکمہ موسمیات کے ایک سینئر اہلکار کے مطابق شہر قائد کے کئی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش ریکارڈ کی گئی۔

سربراہ محکمہ موسمیات ڈاکٹر سردار سرفراز نے ڈان کو بتایا کہ شہر کے وسطی اور مضافاتی کئی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش ہوئی، کلفٹن اور شہر کے دیگر علاقوں سے بوندا باندی کی اطلاعات موصول ہوئیں، بحریہ ٹاؤن، ڈی ایچ اے، تیسر ٹاؤن وغیرہ میں زیادہ بارش ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ آج رواں موسم گرما کی بارش کے پہلے اسپیل کا آخری روز تھا، بارش کے ایک اور سلسلے کی کراچی اور صوبہ سندھ کے دیگر حصوں میں بالترتیب 22 اور 23 مارچ کو شام کے وقت داخل ہونے کی توقع ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے آپریٹر نے ڈان کو بتایا کہ ایئرپورٹ، ناظم آباد، نارتھ کراچی، اورنگی ٹاؤن، قائد آباد، گلشن حدید، سرجانی، کیماڑی وغیرہ سے ہلکی بارش کی اطلاعات موصول ہوئیں، انہوں نے بتایا کہ بوندا باندی کے بعد شہر میں درجہ حرارت 21.5 ریکارڈ کیا گیا۔

انہوں نے پیش گوئی کہ منگل کے روز شہر میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے اور بوندا باندی کا بھی امکان ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی کراچی کے مختلف علاقوں ملیر، ماڈل کالونی،ایئر پورٹ، گڈاپ، سرجانی، گلشن اقبال اور گلستانِ جوہر میں کہیں ہلکی، کہیں تیز بارش اور ژالہ باری ہوئی تھی۔

محکمہ موسمیات کے چیف ڈاکٹر سردار سرفراز نے کہا تھا کہ بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں بارش اور گرج چمک کے نظام کے باعث شہر کے بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ہے جس کے نتیجے میں شام کے وقت سرجانی ٹاؤن، بحریہ ٹاؤن، گڈاپ اور گلشن حدید میں بارش اور ژالہ باری ہوئی۔

بھوک بڑھانے والے ’ہارمون‘ سے دل کے جان لیوا مرض کا علاج ممکن

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا دورۂ پاکستان کا شیڈول تبدیل، 5 ون ڈے اور 5 ٹی 20 کھیلنے پر اتفاق

سیاست میں ’پٹھان‘ کے ساتھ ہوں، ماہرہ خان