پاکستان

جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 8 دہشت گرد ہلاک، 2 سپاہی شہید

دیگر دہشت گردوں کا صفایا کرنے کے لیے علاقے میں آپریشن جاری ہے، آئی ایس پی آر

خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے زرملان میں خفیہ اطلاع پر کیے گئے آپریشن کے دوران 8 دہشت گرد ہلاک جبکہ دو سپاہی شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز(آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ اتوار کو جنوبی وزیرستان کے علاقے زرملان میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں پاک فوج نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ اس دوران دو سپاہی شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔

پاک فوج نے کہا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاراچنار سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ لانس نائیک شعیب علی اور لکی مروت سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ سپاہی سپاہی رفیع اللہ نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ علاقے سے دیگر دہشت گردوں کا صفایا کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔

پریس ریلیز میں کہا گیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت فراہم کرتی ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل رواں ماہ 9 اپریل کو شمالی اور جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کی گئی دو علیحدہ کارروائیوں کے دوران دو دہشت گرد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ جنوبی وزیرستان میں کارروائی کے دوران ایک سپاہی نے جام شہادت نوش کیا تھا۔

حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر اضافے کا اعلان کردیا

سوڈان میں فوج اور سیکیورٹی فورسز آمنے سامنے، خرطوم میں فائرنگ اور بم دھماکے، 3 افراد ہلاک

شرمین عبید چنائے کو ’جنوبی ایشیائی‘ کہنے پر عدنان صدیقی کی پریانکا چوپڑا پر تنقید