دنیا

مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے 7 فلسطینی زخمی

اسرائیلی فورسز کی جانب سے مسلسل دراندازی مقامی نوجوانوں یا عسکریت پسندوں کے ساتھ جھڑپوں کا باعث بن رہی ہے۔

مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے ایک چھاپے کے دوران 7 فلسطینیوں کو گولی مار کر زخمی کر دیا۔

ڈان اخبار میں شائع خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی وزارت صحت نے کہا کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے آپریشن جاری ہے، فائرنگ سے زخمی ہونے والے 6 افراد کو جینن کے سرکاری ہسپتال میں منتقل کردیا گیا جبکہ فائرنگ کا نشانہ بننے والے ایک اور شخص کو قریبی ہسپتال میں داخل کرادیا گیا۔

اسرائیلی فوج کے ایک بیان میں مزید تفصیلات بتائے بغیر کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز کا آپریشن فی الحال جینین (پناہ گزین) کیمپ میں جاری ہے۔

فلسطینی مسلح گروپوں کے گڑھ جنین میں زخمی ہونے والوں کی شناخت کی فوری طور پر کوئی تصدیق نہیں ہو سکی۔

اسرائیلی فورسز کی جانب سے مسلسل دراندازی مقامی نوجوانوں یا عسکریت پسندوں کے ساتھ جھڑپوں کا باعث بن رہی ہے، رواں برس شہر میں کم از کم 25 فلسطینیوں کو قتل کیا جا چکا ہے جبکہ کسی اسرائیلی کو کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

تازہ ترین جھڑپ اسرائیل اور مغربی کنارے میں پرتشدد کارروائیوں میں اضافے کے دوران دیکھنے میں آئی ہے، اس علاقے پر اسرائیل نے 1967 کی جنگ کے بعد سے قبضہ کر رکھا ہے۔

اسرائیلی اور فلسطینی سرکاری ذرائع پر مبنی ’اے ایف پی‘ کے اعدادوشمار کے مطابق اس تنازع کے نتیجے میں رواں برس کم از کم 96 فلسطینی، 19 اسرائیلی، ایک یوکرینی اور ایک اطالوی قتل کیے جاچکے ہیں۔

2 اسرائیلی زخمی

اسرائیلی حکام نے بتایا کہ ایک بندوق بردار مشتبہ فلسطینی نے مشرقی یروشلم میں یہودیوں کے ایک مقام کے قریب 2 اسرائیلیوں کو زخمی کر دیا، سیکیورٹی فورسز مجرم کی تلاش میں مصروف ہیں۔

فائرنگ کا یہ واقعہ اسرائیل میں ہلاکتوں کے ساتھ ساتھ مقبوضہ مغربی کنارے میں جان لیوا حملوں اور فوجی چھاپوں کے دوران پیش آیا ہے۔

اسرائیلی پولیس نے مشرقی یروشلم کے شیخ جراح محلے میں دہشت گردی کے ایک مشتبہ حملے کی اطلاع دی جس میں 2 موٹر سائیکل سواروں کو نشانہ بنایا گیا، طبی ماہرین کے مطابق دونوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

اسرائلی فورس نے ایک بیان میں کہا کہ پولیس اہلکار جائے وقوع پر فرار ہونے والے مشتبہ شخص کی تلاش کر رہے ہیں۔

اسرائیلی سیکیورٹی فورسز نے محلے کی سڑکوں کو بند کر دیا، جہاں پولیس افسروں کو ایک فلسطینی کے گھر میں داخل ہوتے ہوئے دیکھا، اس کارروائی میں ڈرون اور ہیلی کاپٹر کے ساتھ ساتھ تربیت یافتہ کتے بھی تلاش میں پولیس کی مدد کر رہے تھے۔

پولیس نے اعلان کیا کہ انہیں جائے وقوع کے قریب سے مجرم کی بندوق مل گئی ہے، یہ ایک ’کارلو میک شفٹ سب مشین گن‘ تھی جسے فلسطینی مغربی کنارے میں تیار کیا جاتا ہے۔

سپریم کورٹ سے 14 مئی کو انتخابات کرانے کا حکم واپس لینے کی استدعا

زندہ اور خیریت سے ہوں، اکاؤنٹ ہیک کرکے موت سے متعلق بیان جاری کیا گیا، سعیدہ امتیاز

سری لنکا: چینی کمپنی کو ایک لاکھ بندر برآمد کرنے کی تجویز پر ماہرین ماحولیات کا احتجاج