پاکستان

گلت بلتستان: تیز رفتار گاڑی 6 بچوں پر چڑھ دوڑی، 3 جاں بحق، 3 زخمی

بچے عید کے نئے لباس زیب تن کر کے قریبی دکان سے خریداری کے لیے گئے تھے، اس دوران بے قابو گاڑی نے بچوں کو کچل دیا، عینی شاہد
|

گلگت بلتستان کے ضلع گانچھے میں تیز رفتار گاڑی 6 بچوں پر چڑھ دوڑی جس کے نتیجے میں 3 بچے جاں بحق جبکہ 3 بچے زخمی ہوگئے۔

انچارج ریسکیو 1122 عاشق حسین کے مطابق ’اسکردو جانے والی تیز رفتار فائیو ڈور لینڈ کروزر گاڑی عید کی خوشیاں منانے والے بچوں پر چڑھ گئی جس سے 3 بچے موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ دیگر 3 شدید زخمی ہو گئے جنہیں ریسکیو ٹیم نے ابتدائی طبی امداد دے کر ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا‘۔

عاشق حسین کے مطابق ایک زخمی بچے کی حالت تشویشناک ہے، واقعے کے فوراً بعد گاڑی کے ڈرائیور کو پولیس نے حراست میں لے لیا اور تفتیش شروع کر دی ہے۔

عینی شاید کے مطابق بچے عید کے نئے لباس زیب تن کر کے قریبی دکان سے خریداری کے لیے گئے تھے، اس دوران بے قابو گاڑی نے بچوں کو کچل دیا۔

واضح رہے کہ رواں ماہ 16 اپریل کو بلوچستان کے ضلع خضدار میں کوئٹہ-کراچی نیشنل ہائی وے پر ٹرک اور کار میں تصام کے نتیجے میں 6 پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا تھا۔

سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) خضدار فہد کھوسہ کے مطابق پولیس اہلکار کوئٹہ میں ٹریننگ کورس پر تھے جو عید کی چھٹیاں منانے لسبیلہ اور حب چوکی جارہے تھے، جاں بحق اہلکاروں کی شناخت عبدالجبار ساکن وندر، طلحہ خیر ساکن حب، دھنی بخش، عبدالمجید اور محمد اسلم ساکنان بیلہ کے نام سے ہوئی۔

اس حادثے سے محض ایک روز قبل وفاقی وزیر مذہبی امور مولانا عبدالشکور سڑک بھی حادثے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔

پولیس کے مطابق مولانا عبدالشکور میریٹ سے سیکریٹریٹ چوک کی طرف جارہے تھے، اسی دوران ہائی لکس ریوو نے مولانا عبدالشکور کی گاڑی کو ٹکر ماری جس میں پانچ آدمی سوار تھے۔

پولیس کا کہنا تھا مولانا عبدالشکور کو پولی کلینک ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے، گاڑی اور اس میں سوار افراد کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔

پاکستان بھر میں عید الفطر روایتی جوش و خروش سے منائی گئی

رمضان کے بعد صحت مند عید گزارنے کیلئے مفید مشورے

پلوامہ حملے سے متعلق انکشافات، سابق گورنر مقبوضہ کشمیر پوچھ گچھ کیلئے طلب