پاکستان

محکمہ صحت سندھ کا شہریوں پر پرہجوم مقامات میں ماسک پہننے پر زور

عیدالفطر کے دوران شہریوں کو بڑے پیمانے پر میل جول سے گریز کرنا چاہیے اور ہاتھ مسلسل صابن سے دھوتے رہنا چاہیے، محکمہ صحت سندھ

محکمہ صحت سندھ نے عوام پر زور دیا ہے کہ کووڈ کے نئے ویریئنٹ کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کے لیے عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جاری گائیڈ لائنز پر عمل کریں کیونکہ عیدالفطر کے دوران مرض کے پھیلنے اور عوامی میل جول میں اضافے کا امکان ہے۔

ڈان اخبار میں شائع ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پیز) کے مطابق شہریوں کو سماجی فاصلہ رکھنا چاہیے اور شاپنگ مراکز سمیت تمام تمام عوامی اور پرہجوم مقامات پر ماسک پہننا چاہیے۔

محکمہ صحت نے کہا کہ ’عید کے دوران بڑے پیمانے پر میل جول سے گریز کرنا چاہیے اور ہاتھ مسلسل صابن سے دھوتے رہنا چاہیے‘۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ’اگر نزلہ، کھانسی سے متعلق کوئی علامت محسوس ہو یا سانس لینے میں دشواری ہوتو قریبی سرکاری ہسپتال کا دورہ کریں اور کورونا وائرس کا مفت ٹیسٹ کروائیں‘۔

محکمہ صحت نے شہریوں پر کووڈ-19 کے خلاف ویکسین لینے کا پر بھی زور دیا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ ’جن لوگوں نے ویکسین کی آخری خوراک 6 مہینے یا ایک سال قبل لی تھی، ان کو مشورہ دیا جاتا ہے وہ کسی بھی ضلعی ہیڈکوارٹرز ہسپتال یا ویکسینیشن سینٹرز سے ویکسین کی خوراک حاصل کریں‘۔

محکمے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ویکسین کی خوراک سے جان لیوا مرض کے خلاف قوت مدافعت میں اضافہ ہوگا’۔

محکمہ صحت سندھ نے کہا کہ ’بڑی عمر کے شہری اور متعدد بیماریوں کے شکار افراد کو خصوصی مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ایمونائزیشن ٹیموں کو بلا کر گھر میں ہی ٹیکا لگوائیں‘۔

پیپلزپارٹی مذاکرات پر یقین رکھتی ہے لیکن اتحادی جماعتوں کی رائے مختلف ہے، مراد علی شاہ

گلت بلتستان: تیز رفتار گاڑی 6 بچوں پر چڑھ دوڑی، 3 جاں بحق، 3 زخمی

باسمتی چاول کی برآمدات میں مارچ کے دوران 45 فیصد اضافہ