پاکستان

آج سے ملک بھر میں عالمی ہفتہ برائے حفاظتی ٹیکہ جات منارہے ہیں، عبدالقادر پٹیل

محفوظ اور مؤثر ویکسین کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں، والدین 2 سال سے کم عمر بچوں کو بیماریوں سے بچاؤ کے ٹیکے لگوائیں، وفاقی وزیر

وفاقی وزیر برائے صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ وزارت تمام صوبوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے ملک بھر میں آج سے عالمی ہفتہ برائے حفاظتی ٹیکہ جات منا رہی ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کے مطابق اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت محفوظ اور مؤثر ویکسین کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے، والدین اپنے 2 سال سے کم عمر بچوں کو بارہ مہلک بیماریوں سے بچاؤ کے ٹیکے ضرور لگوائیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت حفاظتی ٹیکہ جات کے حوالے سے پر عزم ہے، دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں ویکسی نیشن کے لیے فرنٹ لائن ورکرز کا اہم کردار ہے۔

عبدالقادر پٹیل کا مزید کہنا تھا کہ ویکسی نیشن بیماریوں کے خلاف ایک محفوظ اور مؤثر طریقہ ہے، جس سے بچے بہتر اور صحت مند زندگی بسر کرنے کے قابل ہوتے ہیں۔

انہوں نےکہا کہ پولیو آج بھی بہت سارے بچوں کے مستقبل کے لیے خطرہ ہے، عالمی ہفتہ برائے حفاظتی ٹیکہ جات میں بچوں تک پولیو کے حفاظتی قطروں کی رسائی یقینی بنائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو بیماریوں اور وباؤں سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔

بھارت: سکھ رہنما امرت پال سنگھ آسام جیل منتقل

افریقہ: برکینا فاسو میں فوجی وردی پہنے افراد نے 60 شہریوں کو قتل کردیا

سوڈان: مسلح افواج کے درمیان جھڑپوں میں کمی، غیر ملکی افراد کا تیزی سے انخلا جاری