پاکستان

راولپنڈی: ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر آزاد کشمیر احتساب بیورو کے جج سردار امجد اسحٰق قتل

واقعے کی تمام زاویوں سے تحقیقات کی جارہی ہیں، دیگر ڈاکوؤں کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا، پولیس

راولپنڈی میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر آزاد کشمیر احتساب بیورو کے جج سردار امجد اسحٰق کو قتل کر دیا گیا۔

راولپنڈی کے علاقے بحریہ ٹاؤن فیز 8 میں 5 ڈاکو ڈکیتی کے لیے جج سردار امجد اسحٰق کے گھر میں داخل ہوئے اور مقتول جج کے بیٹے کو یرغمال بنانے کی کوشش کی، مقتول جج نے مزاحمت کی اور ایک ڈاکو کو گولی مار کر زخمی کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں جج سردار امجد اسحٰق جاں بحق ہوگئے۔

سٹی پولیس افسر (سی پی او) راولپنڈی سید خالد حمدانی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) صدر سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس پی صدر موقع پر پہنچے اور زخمی ڈاکو کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام زاویوں سے تحقیقات کی جارہی ہیں، دیگر ڈاکوؤں کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

بعد ازاں، ڈی ایچ کیو ہسپتال کے مردہ خانے میں جج سردار امجد اسحٰق کا پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا، جج سردار امجد اسحٰق کی میت ورثا کے حوالے کر دی گئی، 51 سالہ مقتول جج کے سینے میں ایک گولی لگی۔

جج سردار امجد اسحٰق کی میت ایمبولینس کے ذریعے سی ایم ایچ منتقل کر دی گئی۔

’پارلیمنٹ نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجرل قانون بنا کر عدالتی اختیار پر تجاوز کیا‘

میڈیکل رپورٹ میں الزامات: عمران خان نے وفاقی وزیرِ صحت کو 10 ارب ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا

روس کی مبینہ جاسوس وہیل سویڈن کے ساحل کے قریب نمودار