دنیا

امریکا: ’ماس شوٹنگ‘ کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک، 3 کی حالت تشویشناک

'بروکلین ڈے' نامی تقریب کے لیے علاقے میں سینکڑوں لوگ جمع تھے جہاں 20 سے 30 گولیاں چلنے کی آوازیں سنی گئی، حکام

امریکی ریاست میری لینڈ کے شہر بالٹی مور کے ایک اپارٹمنٹ بلاک میں رات گئے ’ماس شوٹنگ‘ کے واقعے میں 2 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر 3 کی حالت تشویشناک ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق محکمہ پولیس نے کہا کہ بالٹی مور کے گریٹنا ایونیو کے 800 بلاک میں ہونے والے واقعے میں 30 افراد پر گولیاں چلائی گئیں۔

پولیس نے کہا کہ ایک 18 سالہ خاتون کو جائے وقوع پر ہی مردہ قرار دیا گیا جبکہ 20 سالہ شخص کو مقامی ہسپتال لانے کے بعد مردہ قرار دیا گیا۔

پولیس نے بتایا کہ 9 افراد کو جائے وقوع سے مقامی ہسپتالوں میں منتقل کرنے کیا گیا جہاں تین کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 20 دیگر متاثرہ افراد علاقے کے ہسپتال سے روانہ ہوگئے۔

محکمہ پولیس نے کہا کہ اتوار کی صبح تقریباً 12 بجکر 35 منٹ پر افسران گریٹنا کورٹ کے 800 بلاک میں مبینہ فائرنگ کی اطلاع ملنے پر وہاں پہنچے۔

رپورٹ کے مطابق ایک عینی شاہد نے ٹی وی اسٹیشن فاکس 45 کو بتایا کہ ’بروکلین ڈے‘ نامی تقریب کے لیے علاقے میں سینکڑوں لوگ جمع تھے جہاں 20 سے 30 گولیاں چلنے کی آوازیں سنی گئی۔

خیال رہے کہ 30 اپریل کو امریکی ریاست ٹیکساس میں مسلح شخص نے ایک گھر میں 8 سالہ بچے سمیت 5 افراد کو گولی مار کر ہلاک کردیا تھا۔

امریکی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ تفتیش کاروں کا خیال تھا کہ مسلح شخص اپنی اے آر-15 بندوق سے ہمسایہ گھر کے احاطے میں فائر کر رہا تھا جب متاثرین نے اسے رکنے کو کہا کیونکہ وہ بچے کو سلانے کی کوشش کر رہے تھے۔

کینیا: خوفناک ٹریفک حادثے میں مرنے والوں کی تعداد 52 ہوگئی

فرانس: پرتشدد مظاہروں میں کمی کا دعویٰ، مزید 719 افراد گرفتار

شائستہ لودھی کی مارننگ شوز کے ’عجیب وغریب آئیڈیاز‘ پر وضاحت