پاکستان

کراچی: منشیات سے بحالی کے مرکز میں لوٹ مار کرنے والے 3 ملزمان گرفتار

جے ڈی سی نے منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے لیے مرکز قائم کیا ہے جہاں عیدالاضحیٰ کے تیسرے دن (ہفتہ) کو ڈکیتی ہوئی، ایس ایس پی

کراچی پولیس نے ضلع کورنگی میں جعفریہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل (جے ڈی سی) کی جانب سے حال ہی میں قائم کیے گئے منشیات سے بحالی کے مرکز سے قیمتی سامان چوری کرنے کے الزام میں 3 افراد کو گرفتار کرلیا۔

ڈان ڈاٹ کام سے بات کرتے ہوئے کورنگی کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) طارق نواز نے ملزمان کی گرفتاریوں کی تصدیق کی۔

ایس ایس پی طارق نواز نے کہا کہ پولیس نے کورنگی میں 100 کوارٹرز اسٹریٹ پر چھاپہ مارا اور راحیل، علی اور زبیر نامی تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

پولیس حکام کے مطابق ملزمان نے سینٹر سے 10 لاکھ روپے مالیت کی گِرلز اور پائپ سمیت قیمتی سامان چوری کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ملزمان کے قبضے سے ایک مزدا ٹرک اور 50 وہیل چیئرز سمیت قیمتی سامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔

ایس ایس پی نے کہا کہ جے ڈی سی نے منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے لیے مرکز قائم کیا ہے جہاں عیدالاضحیٰ کے تیسرے دن (ہفتہ) کو ڈکیتی ہوئی جس کے بعد ملزمان کے خلاف زمان ٹاؤن تھانے میں فرسٹ انفارمیشن رپورٹ درج کرائی گئی تھی۔

ڈان ڈاٹ کام کو موصول ایف آئی آر میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 34، 380 اور 454 شامل کی گئی ہیں۔

ایس ایس پی طارق نواز نے کہا کہ پولیس نے جرم کے چند گھنٹوں کے اندر ملزمان کو گرفتار کر لیا اور ملزمان کا مجرمانہ ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ مسلح ڈاکوؤں نے عید کی تعطیلات کے دوران شہر میں بغیر کسی خوف کے لوٹ مار کی جس سے لوگوں کی بڑی تعداد نقدی، موبائل فون اور دیگر قیمتی اشیا سے محروم ہوگئی۔

ایک روز قبل کیٹل کالونی میں ڈکیتی کی واردات میں ایک دکاندار گولی لگنے سے ہلاک جبکہ ان کا رشتہ دار زخمی ہو گیا تھا۔

اسی طرح گلشن اقبال میں بیت المکرم مسجد کے قریب مسلح ملزمان نے ایک نوجوان کو گولی مار کر زخمی کر دیا تھا۔

علاوہ ازیں بلال مسجد کے قریب کورنگی کراسنگ کے علاقے میں مسلح ملزمان کی فائرنگ سے ایک اور نوجوان گولی لگنے سے زخمی ہوگیا تھا۔

او آئی سی کا ہنگامی اجلاس میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف اجتماعی اقدامات پر زور

محکمہ موسمیات کی کل سے ملک بھر میں مون سون بارشوں کی پیش گوئی

شائستہ لودھی کی مارننگ شوز کے ’عجیب وغریب آئیڈیاز‘ پر وضاحت