پاکستان

شہباز شریف کا سری لنکن صدر کو فون، آئی ایم ایف معاہدے میں حمایت پر شکریہ ادا کیا

وزیراعظم کے جذبہ خیرسگالی کا جواب دیتے ہوئے سری لنکن صدر نے کہا کہ پاکستان ہمارا قریبی دوست ہے اور دوستوں کی مدد کرنا دوستی ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے درمیان معاہدے کے لیے مدد اور حمایت کرنے پر سری لنکن صدر رانیل وکرماسنگھے کا شکریہ ادا کیا۔

سرکاری ’ریڈیو پاکستان‘ کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم نے یہ ریمارکس سری لنکن صدر کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کے دوران دیے، جس نے گزشتہ برس ستمبر میں دیوالیہ ہونے کے بعد آئی ایم ایف کے ساتھ ابتدائی معاہدہ کیا تھا۔

آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی جانب سے 12 جولائی کو پاکستان کے لیے 3 ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹس (ایس بی اے) کی منظوری کے ایک ہفتے بعد وزیر اعظم کا سری لنکا کے صدر سے ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے۔

9 ماہ پر محیط 3 ارب ڈالر کی فنڈنگ پاکستان کے لیے توقع سے زیادہ ہے، کیونکہ ملک 2019 میں طے پانے والے 6.5 ارب ڈالر کے بیل آؤٹ پیکج کے بقیہ ڈھائی ارب ڈالر کے اجرا کا انتظار کر رہا تھا، جس کی میعاد گزشتہ ماہ ختم ہو گئی تھی۔

اگلے روز (13 جولائی) وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے کہا تھا کہ عالمی مالیاتی فنڈ سے پاکستان کو ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی پہلی قسط موصول ہوگئی ہے جبکہ باقی رقم نومبر اور فروری میں دو جائزوں کے بعد ملے گی۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق شہباز شریف نے پاکستان کے دوست اور خیرخواہ کے طور پر سری لنکا کے کردار کو تسلیم کیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سری لنکا کے صدر نے آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کے ساتھ ملاقات میں زور دیا تھا کہ عالمی مالیاتی ادارے کو پاکستان کی مدد کرنی چاہیے۔

اس میں بتایا گیا کہ سری لنکن صدر رانیل وکرماسنگھے نے آئی ایم ایف حکام کو بتایا تھا کہ ان کے ملک کو دیوالیہ ہونے کے بعد کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا اور زور دیا تھا کہ پاکستان کو اس صورتحال سے بچایا جانا چاہیے۔

وزیر اعظم شہباز شریف کے حوالے سے بتایا گیا کہ دونوں ممالک قریبی اور قابل بھروسہ دوست ہیں، مزید کہا گیا کہ وزیر اعظم نے علاقائی امن اور خوشحالی میں ساتھی جنوبی ایشیائی ملک کے کردار کی تعریف کی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ وزیر اعظم نے اس اعتماد کا اظہار بھی کیا کہ دونوں ممالک بہت جلد موجودہ معاشی مشکلات کے بھنور سے جلد نکل آئیں گے۔

وزیر اعظم کے جذبہ خیر سگالی کا جواب دیتے ہوئے سری لنکن صدر نے کہا کہ پاکستان ہمارا قریبی دوست ہے اور دوستوں کی مدد کرنا دوستی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ سری لنکا کے صدر وکرماسنگھے نے مشکل حالات میں شہباز شریف کی کوششوں کو سراہا اور آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ہونے پر انہیں مبارکباد دی۔

گال ٹیسٹ: سعود شکیل، آغا سلمان کی ذمہ دارانہ بیٹنگ، ٹیم کو تباہی سے بچالیا

قرض دینے والی 43 موبائل ایپلی کیشنز کو بلاک کردیا گیا

چین، روس مشترکہ بحری مشقوں کیلئے تیار