پاکستان

کراچی: ریپ کیس میں ملوث اسکول مالک کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

جوڈیشل مجسٹریٹ نے تفتیشی افسر کو ہدایت دی کہ آئندہ سماعت تک تفتیشی رپورٹ پیش کی جائے۔

کراچی کے علاقے گلشن حدید کے نجی اسکول کے مالک کو متعدد خواتین کے ریپ میں ملوث ہونے کے الزام میں جوڈیشل مجسٹریٹ نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے نجی اسکول کے پرنسپل اور مالک کو ان کے دفتر میں فلمائی گئی کئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد 4 ستمبر کو مقدمہ درج کرکے گرفتار کرلیا تھا۔

گزشتہ سماعت پر 2 خواتین نے فوجداری ضابطہ اخلاق (سی آر پی سی) کی دفعہ 164 کے تحت اپنے بیانات ریکارڈ کرائے تھے اور کہا تھا کہ ملزم نے انہیں اپنے اسکول میں ملازمت کا لالچ دے کر ان کا ریپ کیا تھا اور بلیک میل کرنے کے لیے اس مجرمانہ فعل کی ویڈیو بھی بنائی۔

جسمانی ریمانڈ ختم ہونے کے بعد تفتیشی افسر نے ملزم کو عدالت میں پیش کیا اور بتایا کہ ابتدائی تفتیش مکمل کر لی گئی ہے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا اور تفتیشی افسر کو ہدایت دی کہ آئندہ سماعت تک تفتیشی رپورٹ پیش کی جائے۔

ملزم کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 376 (ریپ کی سزا)، 506 (مجرمانہ دھمکی) اور 509 (بےتوقیر یا جنسی طور پر ہراساں کرنا) اور ریاست کی جانب سے ٹیلی گراف ایکٹ کی دفعہ 25 کے تحت مقدمہ اسٹیل ٹاؤن تھانہ میں درج کیا گیا۔

ابتدائی طور پر پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ متاثرہ خواتین کی تعداد 45 کے قریب تھی اور مشتبہ افراد انہیں بلیک میل کر رہے تھے لیکن اب تک صرف 2 متاثرہ خواتین اپنی شہادتیں ریکارڈ کرانے کے لیے سامنے آئی ہیں۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ آج بطور چیف جسٹس آف پاکستان حلف اٹھائیں گے

’بولی وڈ فلموں کی کہانی پاکستانی ڈراموں میں دکھائی جارہی ہے‘، صحیفہ جبار کی ’مائی ری‘ پر تنقید

پاکستان کیلئے سابق امریکی سفیر رچرڈ اولسن کوغیرقانونی لابنگ، حکام پر دباؤ ڈالنے پر سزا