لائف اسٹائل

’چکڑ‘ کے پریمیئر میں اشنا شاہ کی ’کوفیہ‘ کے ساتھ شرکت

فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اداکارہ نے مزاحمت کی علامت سمجھے جانے والے رومال ’کوفیہ‘ کے ساتھ اپنے فلم کے پریمیئر میں شرکت کی۔

سسپنس، ڈرامے اور حقیقت پسندی سے بھرپور کرائم تھرلر فلم ’چکڑ‘ کے پریمیئر میں اداکارہ اشنا شاہ کی جانب سے فلسطین میں مزاحمت کی علامت سمجھے جانے والے رومال ’کوفیہ‘ کے ساتھ شرکت پر اداکارہ کی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔

’چکڑ‘ کا پریمیئر 20 دسمبر کو کراچی کی سینما میں ہوا، جس میں فلم کی کاسٹ سمیت دیگر شوبز شخصیات اور میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

پریمیئر میں اداکار عثمان مختار، اشنا شاہ، فریال محمود، نوشین شاہ، سلیم معراج، علی شیخ اور عدنان شاہ ٹیپو سمیت فلم کی تمام کاسٹ نے شرکت کی۔

پریمیئر کے موقع پر فلم دیکھنے والے افراد نے ڈیبیو کاسٹ اور سپورٹنگ کاسٹ سمیت پوری ٹیم کی اداکاری کو سراہا۔

پریمیئر کے موقع پر اداکاراؤں نے مختلف فیشن اور انداز اپنائے لیکن اشنا شاہ نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے فلسطین میں مزاحمت کی علامت سمجھے جانے والے رومال ’کوفیہ‘ کو اپنے لباس کا حصہ بنایا۔

پریمیئر میں اشنا شاہ سیاہ رنگ کے بولڈ لباس میں شریک ہوئیں تھیں اور انہوں نے ایک بازو میں ’کوفیہ‘ کو فیشن ایبل انداز میں سجا رکھا تھا۔

فلم کے پریمیئر میں اداکارہ کی جانب سے ’کوفیہ‘ کے ساتھ شرکت کرنے پر جہاں شوبز شخصیات نے ان کی تعریفیں کیں، وہیں سوشل میڈیا صارفین نے بھی ان کے اقدام کو سراہا۔

تاہم بعض صارفین نے اداکارہ پر تنقید بھی کی اور لکھا کہ ایک طرف تو انہوں نے انتہائی بولڈ مغربی انداز کا لباس پہن رکھا ہے اور دوسری طرف وہ فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کر رہی ہیں۔

خیال رہے کہ ’چکڑ‘ کو 22 دسمبر کو پاکستان بھر میں ریلیز کیا جائے گا،فلم کی کہانی سماجی مسائل پر مبنی ہے۔

’چکڑ‘ پنجابی زبان کا لفظ ہے، جس کے معنی ’کیچڑ‘ ہے، اس کی ہدایات ظہیرالدین نے دی ہیں اور انہوں نے ہی اس کی کہانی بھی لکھی ہے۔

کرائم تھرلر فلم ’چکڑ‘ کا شاندار پریمیئر، ایڈوانس بکنگ جاری

سسپنس، ڈرامے سے بھرپور کرائم تھرلر فلم ’چِکڑ‘ کا ٹریلر جاری

عثمان مختار کی فلم ’چکڑ‘ دسمبر میں ریلیز کرنے کا اعلان