لائف اسٹائل

کم عمری میں اغوا کے بعد ریپ کا نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، فریال گوہر کا انکشاف

فریال گوہر نے بتایا کہ ان کی والدہ کا تعلق جنوبی افریقہ سے تھا، اس لیے وہ بچپن میں والدہ کے ہمراہ وہاں جاتی رہتی تھیں۔

سینیئر اداکارہ فریال گوہر نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں 4 سال کی عمر میں اغوا کے بعد ریپ کا نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، تاہم خوش قسمتی سے وہ بچ گئیں لیکن 60 سال گزر جانے کے باوجود واقعے کو نہیں بھلا پائیں۔

فریال گوہر نے حال ہی میں پوڈکاسٹ میں بچپن میں اپنے ساتھ ہونے والے ہولناک واقعے کی تفصیلات بتائیں اور کہا کہ آج بھی جب وہ کسی بچے یا بچی کو والد، والدہ، بہن یا بھائی کے علاوہ کسی دوسرے شخص کے ساتھ دیکھتی ہیں تو انہیں دورے پڑنے لگتے ہیں۔

فریال گوہر نے بتایا کہ ان کی والدہ کا تعلق جنوبی افریقہ سے تھا، اس لیے وہ بچپن میں والدہ کے ہمراہ وہاں جاتی رہتی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ 1964 میں جب ان کی عمر 4 سال تھی تب وہ بحری جہاز کے راستے والدہ کے ہمراہ جنوبی افریقہ جا رہی تھیں کہ انہیں جہاز میں ہی اغوا کرلیا گیا۔

ان کے مطابق مذکورہ جہاز کے کیپٹن کو وہ بہت پسند تھیں، اس لیے وہ کیپٹن ہر روز صبح کو انہیں اپنے کیبن میں بلاتے اور انہیں وہاں خصوصی طور پر آئس کریم کھلائی جاتی اور پھر انہیں ایک اسٹوئرٹ کے ذریعے واپس والدہ کے پاس بھجوایا جاتا تھا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ایک روز ان کا اسٹوئرٹ تبدیل ہوگیا اور نئے اسٹوئرٹ انہیں اغوا کرکے جہاز کی تہ میں لے گئے، جہاں آگ کی بھاپ اور لوہے کے بڑے بڑے پائپ تھے اور انہیں کوئی چیز سمجھ نہیں آ رہی تھی۔

فریال گوہر نے بتایا کہ مذکورہ اسٹوئرٹ نے ان کے ساتھ ریپ کرنے کی کوشش کی لیکن وہ وہاں سے نہ جانے کس طرح موقع پاکر بھاگ کر والدہ کے پاس آگئیں اور انہیں مختصرا بتایا کہ آج آئس کریم اچھی نہیں تھی۔

مذکورہ بات کرتے ہوئے فریال گوہر آبدیدہ ہوگئیں اور کہا کہ 60 سال گزر جانے کے باوجود انہیں اس واقعے کی تکلیف یاد ہے اور وہ آج تک ونیلا فلیور کی آئس کریم نہیں کھا پاتیں اور جب بھی وہ کسی سنسان جگہ جاتی ہیں تو انہیں اپنے ساتھ ہونے والا واقعہ یاد آتا ہے۔

فریال گوہر کا کہنا تھا کہ انہوں نے والدہ کو مکمل قصہ نہیں بتایا لیکن والدہ کو کہا کہ آئس کریم اچھی نہیں تھی، جس پر والدہ نے کیپٹن سے بات کرنے کا کہا۔

فریال گوہر نے یہ بھی نہیں بتایا کہ بعد ازاں انہوں نے شکایت کرکے اسٹوئرٹ کے خلاف کوئی کارروائی کروائی یا نہیں، تاہم بتایا کہ اب وہ 64 برس کی ہوچکی ہیں اور ان کے ساتھ 60 سال قبل خطرناک واقعہ پیش آیا تھا۔

سینیئر اداکار طلعت حسین میں ڈیمینشیا کی تصدیق

اہلیہ کے گھریلو تشدد کے الزامات: اشفاق اسحٰق ستی نے ویڈیو بیان جاری کردیا

بھارت میں کام کرنے کے بعد ہی پاکستانی اداکاروں کی قدر بڑھتی ہے، علی خان