پاکستان

پی آئی اے بحالی کی جانب گامزن، تربت کی پروازیں دوبارہ شروع کردی گئیں

کراچی سے تربت کے لیے پروازیں 16 دسمبر سے شیڈول میں شامل کردی ہیں، ہفتہ وار 2 پروازیں پیر اور بدھ کے دن آپریٹ کریں گی، ترجمان پی آئی اے

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) بحالی کی طرف گامزن ہے اور نئی پیش رفت میں تربت کی پروازیں دوبارہ شروع کردی گئی ہیں۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق قومی ایئر لائن نے کراچی سے تربت کے لیے پروازیں 16 دسمبر سے شیڈول میں شامل کردی ہیں جب کہ پی آئی اے ہفتہ وار 2 پروازیں پیر اور بدھ کے دن آپریٹ کریں گی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے تربت اور گوادر آپریشن کو ازسرنو تقویت دی جارہی ہے، پی آئی اے کی تربت کے لیے پروازوں کے آغاز سے ملکی معیشت کے لیے انتہائی اہم سی پیک کے منصوبوں کو تقویت ملے گی۔

اس سے قبل پی آئی اے نے کی یورپ کے لیے پروازوں کی بحالی کے بعد پہلی فلائٹ 10 جنوری 2025 کو اسلام آباد سے پیرس روانہ کرنے کا شیڈول جاری کیا تھا۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق یورپ کے لیے پروازوں کی بحالی کے بعد پہلی فلائٹ 10 جنوری 2025 کو پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی پرواز اسلام آباد سے پیرس کے لیے روانہ ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ ابتدائی مرحلے میں ہفتہ وار 2 پروازیں چلائی جائیں گی جن کو بتدریج بڑھایا جائے گا، یہ پروازیں جمعہ اور اتوار کے دن آپریٹ ہوں گی۔