پاکستان

’ہتھنی سونیا پروٹین کی کمی کا شکار تھی‘

ہتھنی کا علاج جاری تھا، موت کی تحقیقات کیلئے کے ایم سی افسران اور ویٹرینری ڈاکٹر پر مشتمل تحقیقات کمیٹی قائم

کراچی کے سفاری پارک میں ہتھنی کی موت سے متعلق تحقیقات کے لیے کے ایم سی حکام پر مشتمل کمیٹی قائم کردی گئی ہے، ہتھنی سونیا کے پروٹین کی کمی کا شکار ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق سفاری پارک کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ہتھنی سونیا کی موت کی تحقیقات کے لیے کے ایم سی افسران اور ویٹرینری ڈاکٹر پر مشتمل کمیٹی قائم کردی گئی ہے ،کمیٹی ہتھنی کے مرنے کے اسباب اور عملہ سے متعلق تحقیقات کرے گی۔

سفاری پارک کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ہتھی سونیا کی دیکھ بھال میں غفلت برتنے والے افسران اور اہلکاروں کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق ہتھنی سونیا کی رپورٹ میں پروٹین کی کمی آئی تھی اور اس کا علاج جاری تھا، تحقیقات کے دوران ہتھنی سونیا کی خوارک سے متعلق بھی جانچ کی جائے گی۔

واضح رہے کہ کراچی کے سفاری پارک میں ہتھنی سونیا اتوار کی صبح مردہ پائی گئی تھی، سونیا کی وجہ موت جاننے کے لیے گزشتہ روز اس کا پوسٹ مارٹم کیا گیا تھا۔

ڈائریکٹر سفاری پارک امجد زیدی کے مطابق لاہور یونیورسٹی آف ویٹنری اینڈ انیمل سائنسز سے آئے پروفیسر ڈاکٹر غلام مصطفیٰ نے سونیا کا پوسٹ مارٹم کیا تھا جبکہ کے ایم سی کے ڈاکٹر عامر اسمٰعیل بھی پوسٹ مارٹم کے عمل میں شریک ہوئے تھے۔

کئی گھنٹے جاری رہنے والے پوسٹ مارٹم میں ہتھنی کے دل، گردوں اور دیگر اعضا کے نمونے حاصل کیے گئے تھے، پوسٹ مارٹم کی رپورٹ ایک ماہ بعد آئے گی جس سے ہتھنی کی موت کی اصل وجہ معلوم ہوگی۔