پاکستان

محمد بن سلمان کے دورے کے بعد سعودی عرب نے 7208 پاکستانی قیدی رہا کیے، وزارت خارجہ

مختلف ممالک کی جیلوں میں 23 ہزار 456 پاکستانی قید ہیں، بیرون ممالک جیلوں میں پاکستانی قیدیوں کی تعداد سے متعلق تفصیلات سینیٹ میں پیش

سینیٹ کو وزارت خارجہ کی جانب سے آگاہ کیا گیا کہ سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کے بعد 2019 سے 2024 تک 7 ہزار 208 پاکستانی قیدیوں کو رہا کیا گیا۔

بیرون ممالک جیلوں میں پاکستانی قیدیوں کی تعداد سے متعلق تفصیلات سینیٹ میں پیش کردی گئیں، 23 ہزار 456 پاکستانی مختلف ممالک کی جیلوں میں قید ہیں۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے بعد سے رہا کیے جانے والے پاکستانیوں کی تفصیلات بھی سینیٹ میں پیش کردی گئیں۔

وزارت خارجہ نے بتایا کہ سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کے بعد 2019 سے 2024 تک 7 ہزار 208 پاکستانی قیدیوں کو رہا کیا گیا۔

وزارت خارجہ نے آگاہ کیا ہے کہ سعودی عرب نے 2019 میں 545، 2020 میں 892، 2021 میں 916 پاکستانی قیدی رہا کیے، سال 2022 میں ایک ہزار 331، 2023 میں ایک ہزار 394 پاکستانی رہا کیے گیے جبکہ 2024 میں 2 ہزار 130 پاکستانی قیدی رہا کیے گیے۔

وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ قیدیوں کی مسلسل آمد اور ملک بدری کی وجہ سے معافی سے فائدہ اٹھانے والوں کی تقسیم کرنا اور اصل تعداد معلوم کرنا مشکل ہے۔

دریں اثنا، بیرون ممالک جیلوں میں پاکستانی قیدیوں کی تعداد سے متعلق تفصیلات سینیٹ میں پیش کردی گئیں۔

وزارت خارجہ کے مطابق 23 ہزار 456 پاکستانی مختلف ممالک کی جیلوں میں قید ہیں، سب سے زیادہ پاکستانی خلیجی ممالک کی جیلوں میں ہیں۔

وزارت خارجہ کے مطابق سعودی عرب میں 12 ہزار 156، متحدہ عرب امارات میں 5 ہزار 292، یونان میں 811 اور قطر میں 338 پاکستانی قید ہیں۔