عراق: کار بم دھماکے میں 11 افراد ہلاک
بعقوبہ: عراق میں پیر کو ایک کیفے کے قریب کار بم دھماکے میں گیارہ افراد ہلاک ہو گئے۔
پولیس اور طبی عملے کے مطابق بغداد کے شمال مشرقی صوبے دیالی کے شہر بورز میں دھماکے میں بائیس افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ہر جگہ سیکورٹی فورسز کی موجودگی کے باوجود عسکریت پسند حالیہ مہینوں میں درجنوں کیفوں پر حملہ کر چکے ہیں اور وہ دوبارہ پر ہجوم علاقوں، بازاروں اور مسجدوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
حکام کے مطابق پیر کو بغداد کے جنوب مشرق میں واقع بسمایہ میں ایک بازار کے قریب سڑک کنارے نصب بم دھماکے میں دو افراد ہلاک اور کم از کم آٹھ زخمی ہو گئے۔
جنوبی بغداد میں سوویب علاقے میں سڑک کنارے نصب بم دھماکے میں دو افراد ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔ جبکہ مدائن شہر میں دھماکے کے نتیجے میں کم از کم ایک سپاہی ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔
عراق بھر میں گزشتہ دنوں سلسلہ وار چودہ بم دھماکوں میں 39 افراد ہلاک اور ایک سو تیس سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔
سیکورٹی اور طبی عملے کے اعداوشمار کی بنیاد پر مبنی رپورٹ اے ایف پی کے مطابق ان تازہ حملوں کے ساتھ اس ماہ کے پہلے آٹھ دنوں میں ہلاکتوں کی تعداد گزشتہ سال ماہِ دسمبر سے بھی کہیں ذیادہ ہے جبکہ رواں سال عراق میں چھ ہزار تین سو افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
حالیہ مہینوں میں عراق میں تشدد کی سطح دو ہزار آٹھ کے فرقہ وارانہ فسادات میں بھی نہیں دیکھی گئی۔ جب ملک فرقہ وارانہ فسادات کی آگ میں جل رہا تھا۔
عراق میں بد امنی گزشتہ سال اپریل میں بغداد کے شمال میں سنی عرب کے احتجاجی کیمپ پر سیکورٹی فورسز کی دخل اندازی کے بعد شروع ہوئی،ان فسادات کے نتیجے میں درجنوں افراد ہلاک ہو گئے تھے۔