اسلام آباد: پی ٹی آئی کا احتجاج، پولیس اور کارکنوں میں تصادم
اسلام آباد: اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کے دوران پولیس اور کارکنان کے درمیان تصادم ہوگیا۔
ڈان نیوز کے مطابق احتجاجی ریلی پارٹی سیکرٹریٹ سے الیکشن کمیشن روانہ ہوئی تو پولیس کے ساتھ کارکنوں کی ہاتھا پائی ہوگئی۔
تصادم کے دوران پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج کیا گیا جبکہ اسلام آباد انتظامیہ نے ریڈ زون میں داخلے پر پابندی عائد کردی۔ اس سے قبل انتظامیہ نے خاردار تاریں اور کنکریٹ بلاک رکھ کر راستہ بلاک کر دیا تھا۔
اس موقع پر تحریک انصف کے کارکنوں نے انتظامیہ کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ کارکنان کو ریڈ زون میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا جبکہ پولیس کا کہنا تھا کہ مظاہرین کو صرف نادرا چوک تک ہی جانے دیا جائے گا۔
پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کارکنوں کو روکنے کی کوششیں کیں تاہم کارکن رکاوٹیں عبور کرکے او پی ایف بلڈنگ کے باہر پہنچ گئے۔