'ضرب عضب میں تمام عسکریت پسندوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے'
اسلام آباد: حکومت نے دوبارہ زور دیا ہے کہ شمالی وزیرستان آپریشن میں بلا امتیاز تمام عسکریت پسندوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔
وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی اور امورخارجہ سر تاج عزیز نے پیر کو امریکا کے خصوصی مندوب برائے افغانستان اور پاکستان جیمز ڈوبن کے دورے کے موقع پر کہا کہ ضرب عضب میں اس لعنت (عسکریت پسندی) کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جا رہی ہے۔
سفارتکار ڈوبن الوداعی دورے پر پاکستان میں تھے، جہاں انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف اور وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے بھی ملاقات کی۔
فوجی اعدادوشمار کے مطابق پندرہ جون سے شروع فوجی آپریشن میں اب تک پانچ سو سے زائد طالبان عسکریت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔
تاہم افغانستان میں ملوث حقانی نیٹ ورک یا دیگر گروہوں سے وابسطہ عسکریت پسندوں کی ہلاکت یا گرفتاری کا تذکرہ نہیں کیا گیا۔ امریکا اور افغانستان کا خیال ہے کہ افغان باغیوں کو بخشا جا رہا ہے۔
امریکی حکام نے ان ڈور اجلاس میں پاکستانی مذاکراتکاروں سے آپریشن کے حوالے سے اپنے خدشات کا اظہار کیا۔
سرتاج عزیز نے کہا کہ حکومت پرامن اور متحدہ افغانستان کے لیے پر عزم ہے۔
امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے افغانستان میں انتخابی تنازع کو مذاکرات کے ذریعے حل میں کیری کے کردار کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں پر امن جمہوری تبدیلی کی حمایت کرتا ہے جو اس ملک اور اس خطے کے استحکام کے لیے اہم ہے۔
ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات، خصوصی طور پر اسٹریٹیکجک ڈائیلاگ کی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
امریکی سفارتخانے کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈوبن کے دورے کے دوران اجلاس میں علاقائی استحکام کے لیے پاک امریکا تعلقات کی اہمیت کا اعادہ کیا گیا، اور مضبوط شراکت داری کے لیے ایک ساتھ مل کر مستقل کام کرنے پر رضامندی کا اظہار کیا گیا۔
اے پی پی کے مطابق وزیراعظم کے مشیر نے دونوں ممالک کے درمیان مستحکم، باہمی اور پائیدار تعلقات کے فروغ کے لئے امریکی خصوصی نمائندہ کی کوششوں کی تعریف کی.
مشیر سرتاج عزیز نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، معیشت، توانائی، انسداد دہشت گردی تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں قریبی تعاون کے فروغ کے لئے پاک امریکہ سٹریٹجک ڈائیلاگ کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔
دونوں فریقین نے باہمی افہام و تفہیم اور نتیجہ خیز تعاون پر اظہار اطمینان کیا۔
ملاقات کے دوران امریکی سفیر رچرڈ اولسن اور خارجہ سیکرٹری اعزاز احمد چوہدری بھی موجود تھے۔ ڈوبن نے جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں جنرل راحیل شریف سے بھی ملاقات کی۔