نصرت فتح علی خان کی 67ویں سالگرہ
عالمی شہرت یافتہ گلوکار و قوال استاد نصرت فتح علی خان کی 67ویں سالگرہ آج منائی جارہی ہے۔
فیصل آباد کے معروف گھرانے سے تعلق رکھنے والے ممتاز گلو کار اور منفرد لہجے کے قوال و موسیقار اور فنکار استاد نصرت فتح علی خان نے سینکڑوں کی تعداد میں انتہائی خوبصورت اور یاد گار غزلیں، قوالیاں اور گیت پیش کیے۔
13 اکتوبر 1948ء کو پیدا ہونے والے استاد نصرت فتح علی خان جگر و گردوں کے عارضہ سمیت مختلف امراض میں مبتلا ہونے کے باعث صرف 48 سال کی عمر میں 16اگست 1997ء کو کروڑوں مداحوں کو چھوڑ کر اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔
نصرت فتح نے قوالی کے 125 آڈیو البم ریلیز کئے جو کہ ورلڈ ریکارڈ بھی ہے۔
یاد رہے کہ استاد نصرت فتح علی خان نے ’دم مست قلندر مست‘، ’علی مولا علی‘، ’یہ جو ہلکا ہلکا سرور ہے‘، ’میرا پیا گھر آیا‘، ’اللہ ہو اللہ ہو‘، ’کنا سوہنا تینوں رب نے بنایا‘ جیسے لازوال گیت اور قوالیاں پیش کیں۔
استاد نصرت فتح علی خان نے اپنے فن کو دنیا کے کونے کونے تک پہنچایا اور فن موسیقی میں پاکستان کو پوری دنیا میں متعارف کرایا۔
انہوں نے ہولی وڈ فلموں ’ڈیڈ مین واکنگ‘، ’بینڈٹ کوئین‘، اور ’نیچرل بورن کلرز‘ وغیرہ کیلئے بھی گیت گائے اور بنائے۔
نصرت فتح علی خان کو کئی ایوارڈز سے نوازا گیا اور1997 انہیں گرامی ایوارڈز کیلئے بھی نامزد کیا گیا۔
نصرت فتح علی خان کی سالگرہ کے موقع پر گوگل ویب سائٹ نے اپنے ہوم پیچ پر ان کی تصویر لگا کر گلوکار کو خراج تحسین پیش کیا۔
دنیا بھر سے متعدد مداحوں نے ٹوئٹر پر نصرت فتح کی سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔