• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

'ورچوئل ریئلیٹی': تفریح و تربیت کا نیا دور

شائع May 31, 2016 اپ ڈیٹ June 1, 2016

ورچوئل انگریزی زبان کا لفظ ہے جس کے اردو میں معنی مجازی کے ہیں۔ اردو لغت کے مطابق مجازی کے معنی مرادی، فرض کیا ہوا، نقلی، ساختہ، جعلی، مصنوعی، غیرحقیقی، اور فرضی کے ہیں۔

اب لفظ ورچوئل تو سمجھ میں آ گیا، اور لفظ ریئلیٹی بھی انگریزی زبان کا لفظ ہے جس کے معنی ’حقیقت‘ کے ہیں۔ انگریزی زبان میں رئیل سے مراد ایسی چیزیں ہیں جو اپنا وجود رکھتی ہوں۔

تو ایسا کیسے ہو سکتا ہے کہ کوئی چیز حقیقی بھی ہو اور مجازی بھی؟ کیا یہ ایک دوسرے کے متضاد نہیں؟

ورچوئل ریئلیٹی دراصل کمپیوٹر سوفٹ ویئر اور کچھ ڈیوائسز کی مدد سے تیار کردہ ایسا تین جہتی منظر ہے جس کو دیکھنے والے کو حقیقت کا گمان ہوتا ہے۔ اس میں دماغ اور دیگر حواس کو دھوکہ دینے کے لیے ایسا ماحول تیار کیا جاتا ہے کہ دیکھنے والے کو حقیقت کا گمان ہو۔

انسان مجازی دنیا میں داخل کیسے ہوتا ہے؟

ورچوئل ریئلیٹی کی دنیا میں کسی کو لے جانے کے لیے ایک خاص طرح کا ہیلمٹ استعمال ہوتا ہے جس سے آدمی اس مجازی دنیا میں چلا جاتا ہے جو حقیقت میں وجود نہیں رکھتی۔ آج کل مکمل ہیلمٹ کے بجائے انتہائی ہلکے چشمے، ہیڈفون، اور خاص قسم کے سینسر استعمال ہو رہے ہیں، جو جسمانی حرکت خاص طور پر سر کی حرکت کو مانیٹر کرتے ہیں۔

اس ڈیوائس کو استعمال کرنے والوں کو ذرا بھی شائبہ نہیں ہوتا کہ جو منظر ان کی آنکھوں کے سامنے ہے، وہ فرضی ہے۔ ورچوئل ریئلیٹی میں جب کوئی شخص ویڈیو گیم کھیلتا ہے تو وہ اپنے آپ کو ویڈیو گیم کے اندر محسوس کرتا ہے، حالانکہ وہاں صرف ویڈیو گیم کا کردار ہوتا ہے جو کسی گیم ڈیزائنر نے تخلیق کیا ہوتا ہے۔ اب ورچوئل ریئلیٹی ڈیوائس کے ہلکے ہونے کی وجہ سے اس کو استعمال کرنا بہت آسان ہے۔

ویڈیو کو ہر زاویے سے دیکھنا ممکن

آپ عام طور پر جب کوئی فلم دیکھتے ہیں تو وہ دو تین کیمروں کی مدد سے تیار کی جاتی ہے ۔ آپ صرف وہ ہی منظر دیکھتے ہیں ۔ جو کیمرہ نے عکس بند کیا ہو۔

لیکن ورچوئل ریئلیٹی ویڈیو کی عکس بندی کے لیے کم از کم 24 کیمرہ استعمال ہوتے ہیں۔ ذرا تصور کریں کہ آپ ایک میوزیم کی سیر کی ویڈیو دیکھ رہے ہیں۔ جو عام ویڈیو کیمرہ سے تیار کی گئی ہے، تو جب کیمرہ مین آپ کو دائیں طرف کی ویڈیو پیش کررہا ہوتا ہے، تب آپ چھت یا زمین نہیں دیکھ سکتے۔

لیکن ورچوئل ریئلیٹی ویڈیو میں جوں ہی آپ کے سر یا آنکھوں کی حرکت کسی اور سمت مثلاً زمین یا آسمان کی طرف ہوتی ہے، تو اسی وقت زمین یا آسمان کی ویڈیو نظر آنا شروع ہوجاتی ہے جس سے آپ کو یہ محسوس ہوتا ہے کہ یہ کوئی حقیقی منظر ہے یا آپ خود اس جگہ پر موجود ہیں۔

ورچوئل ریئلیٹی کا استعمال شروع میں صرف ویڈیو گیمز کھیلنے اور دیگر تفریحی مقاصد میں ہوتا تھا لیکن اب اس کا دیگر شعبوں میں بھی استعمال بڑھ رہا ہے، جس میں تعلیم، زراعت، میڈیکل، تعمیرات اور دیگر شعبے شامل ہیں۔

تعلیم وتربیت میں

ورچوئل ریئلیٹی کا تعلیم و تربیت میں بے پناہ استعمال کیا جا رہا ہے اور یہ تمام عمر کے افراد کے لیے انتہائی مفید ثابت ہو رہی ہے۔ امریکی بحریہ میں پیراشوٹ ٹریننگ کے لیے اس کو استعمال کیا جاتا ہے۔

پاکستان سمیت بہت سے ملکوں میں پائلٹس کی تربیت کے لیے بھی اس ٹیکنالوجی کو استعمال کیا جا رہا ہے۔

پائلٹ کے سامنے ورچوئل ریئلٹی کی مدد سے ایسا منظر تخلیق کیا جاتا ہے جو بالکل حقیقی دنیا سے مطابقت رکھتا ہے، اور پائلٹ کا ہر اقدام اس کے ورچوئل منظر پر اثرانداز ہوتا ہے جس سے بغیر کسی نقصان کے پائلٹ کو تربیت دی جا سکتی ہے، جبکہ ایک حقیقی طیارے کے ساتھ سیکھنے میں لگنے والی قیمت اور وقت بھی بچایا جا سکتا ہے۔

فلائٹ سمیولیٹرز کے طور پر یہ تربیت کا یہ طریقہ گو کہ کئی سالوں سے استعمال کیا جا رہا ہے، مگر ورچوئل ریئلیٹی حقیقت سے اس قدر قریب تر ہے کہ پائلٹ کو ذرا بھی گمان نہیں ہوتا کہ اسے مصنوعی ماحول میں تربیت دی جا رہی ہے.

طبی شعبے میں لامحدود امکانات

میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو اس ٹیکنالوجی کے مدد سے لاتعداد طرح کی طبی سہولیات اور ایمرجنسیوں سے نمٹنے کی تربیت دی جاسکتی ہے اور فرضی آپریشن کروائے جاسکتے ہیں جس سے ان کی کام کرنے کی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے۔

بالکل طیارے کی ہی طرح حقیقی انسانوں یا جانوروں پر آپریشن کر کے 'ہاتھ صاف کرنا' نہ صرف غیر محفوظ ہے، بلکہ اس میں اپنی مرضی کے مطابق طرح طرح کی طبی صورتحال خود نہیں پیدا کی جا سکتیں۔ لیکن اب ورچوئل ریئلٹی کے ذریعے یہ ممکن ہے کہ آپ مریض کو ہاتھ لگائے بغیر آپریشن کرنا سیکھ جائیں۔

ورچوئل ریئلٹی سے تربیت حاصل کرنے کے بعد جب یہ افراد حقیقی زندگی میں آپریشن کرتے ہیں تو بہت سی وہ غلطیاں نہیں کرتے جو عموماً پہلی دفعہ آپریشن کرنے والے طبی عملے سے سر زد ہوجاتی ہیں۔

نفسیاتی امراض کے علاج میں مدد

بہت سے نفسیاتی امراض کے علاج کے لیے ماہرینِ نفسیات کو مصنوعی منظر تیار کرنا ہوتا ہے جو کہ نہ صرف مہنگا کام ہے، بلکہ اگر منظر کشی کرتے ہوئے کوئی غلطی ہوجائے تو مزید نقصان کا خطرہ بھی ہوتا ہے۔

آپ نے 2007 کی مشہور ہندی فلم 'بھول بھلیاں' دیکھی ہوگی جس میں اکشے کمار ایک ماہر نفسیات کے کردار میں ہیروئین ودیا بالن کے نفسیاتی مرض کے علاج کے لیے ایک خطرناک سین کرتے ہیں جس کے بعد وہ دوبارہ نارمل زندگی گزارنے کے قابل ہوجاتی ہیں۔

اس طرح کے نفسیاتی علاج کے لیے ورچوئل ریئلیٹی سے مدد لی جاسکتی ہے۔ کسی بھی قسم کے فوبیا کے شکار مریضوں کو مصنوعی دنیا (ورچوئل ریئلیٹی) میں ان چیزوں کا سامنا کروا کر اس چیز سے ان کا خوف کم کیا جاسکتا ہے۔

جرائم کی تفتیش میں مدد

کسی بھی جرم کے بعد اس واقعے کی جگہ اور وہاں موجود افراد کی تھری ڈی تصاویر کی مدد سے ورچوئل کرائم سین کو دوبارہ فلم بند کیا جاسکتا ہے۔ اس تکنیک سے تفتیش کاروں کے لیے یہ جاننا آسان ہوجاتا ہے کہ جرم کیسے ہوا، مجرمان نے کون سا راستہ اختیار کیا ہوگا اور جرم کی تکمیل کے بعد کہاں سے فرار ہوئے ہوں گے۔ یہ سب معلومات مجرمان تک رسائی میں آسانی پیدا کر سکتی ہیں۔

تعمیرات/رئیل اسٹیٹ

تعمیرات کے ماہرین آج کل اپنے گاہکوں کو بلڈنگ کی تعمیر ہونے سے پہلے اس کو آٹو کیڈ، تھری ڈی اسٹوڈیو کی مدد سے فرضی نقشے دیکھتے ہیں جس میں ابھی کافی محدودیت ہے۔

یہ نقشے صرف کمپیوٹر پر ہوتے ہیں جنہیں آپ دیکھ تو سکتے ہیں، لیکن انہیں محسوس نہیں کر سکتے۔ آپ یہ نہیں بتا سکتے کہ مکمل ہونے کے بعد اس کی حتمی شکل و صورت کیا ہوگی، کیا وہ آپ کی خواہشات کے مطابق ہوگا بھی یا نہیں۔

لیکن ورچوئل ریئلیٹی کی مدد سے ان نقشوں میں جان ڈالی جا سکتی ہے۔ آپ آرکٹیکٹ کے آفس میں بیٹھے بیٹھے اپنی اس بلڈنگ کا تفصیلی دورہ کر سکتے ہیں جو کہ ابھی وجود ہی نہیں رکھتی، جب کہ رئیل اسٹیٹ ایجنٹس اپنے گاہکوں کو میلوں دور موجود پلاٹ کا ورچوئل وزٹ فوری کروا سکتے ہیں، جس سے سفر میں لگنے والے وقت، توانائی اور پیسے کی بچت ہوگی۔

ورچوئل ریئلیٹی کا مستقبل

دنیا کی بڑی کمپنیز اس ٹیکنالوجی میں کافی صلاحیت دیکھ رہی ہیں لہٰذا اس جانب بہت زیادہ سرمایہ کاری ہو رہی ہے۔ ویڈیو گیمنگ انڈسٹری کے دو بڑے ادارے اوکیولس اور سونی کے علاوہ اب فیس بک بھی اس طرف متوجہ ہے۔

گوگل کی گتے سے تیار کردہ ورچوئل ریئلیٹی ڈیوائس، جس کے ذریعے یوٹیوب پر وی آر ویڈیوز دیکھی جا سکتی ہیں۔ — فوٹو کری ایٹو کامنز۔
گوگل کی گتے سے تیار کردہ ورچوئل ریئلیٹی ڈیوائس، جس کے ذریعے یوٹیوب پر وی آر ویڈیوز دیکھی جا سکتی ہیں۔ — فوٹو کری ایٹو کامنز۔

فیس بک نے دو ارب ڈالر کے عوض اوکیولس کمپنی کو خریدا تو فیس بک انتظامیہ کا کہنا تھا کہ یہ سوشل نیٹ ورکنگ کا اگلا قدم ہوگا جہاں دو افراد آپس میں مل پائیں گے اور ان کے درمیان فاصلے کی کوئی اہمیت نہیں رہے گی۔

گوگل نے ابھی ورچوئل ریئلیٹی کے استعمال کے لیے ایک سستی ڈیوائس مارکیٹ میں متعارف کروائی ہے جس کی قیمت صرف 2500 روپے ہے۔ لیکن یہ گتے کی بنی ہوئی ہے اور اس پر فی الوقت صرف گوگل ارتھ اور یوٹیوب ہی دیکھی جاسکتی ہے۔

لیکن جس تیزی کے ساتھ اس ٹیکنالوجی پر کام ہو رہا ہے، وہ وقت دور نہیں کہ اسمارٹ فونز کی طرح ہم سب کے پاس ورچوئل ریئلیٹی ہیڈ سیٹ ہوں گے۔

آپ جس چیز کا بھی تصور کر سکتے ہیں، وہ ورچوئل ریئلٹی کی مدد سے ممکن ہو سکے گی۔ ایسے میں آپ اسے کس کام کے لیے استعمال کرنا چاہیں گے؟

حسن اکبر

حسن اکبر لاہور کی آئی ٹی فرم ہائی راک سم میں مینیجنگ ڈائریکٹر ہیں۔ شخصیت میں بہتری کا جذبہ پیدا کرنے والی کتب کا مطالعہ شوق سے کرتے ہیں۔ ان کے مزید مضامین ان کی ویب سائٹ حسن اکبر ڈاٹ کام پر پڑھے جا سکتے ہیں۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (3) بند ہیں

aqeel May 31, 2016 03:15pm
Auto cad k liye
Riz May 31, 2016 05:19pm
It takes time to get used to with it and in the early stages Nausea is a side effect for sure ....
mehreen May 31, 2016 07:12pm
ایسے لمحوں کو دوبارہ جینے کے لیے جب میرے اپنے نیرے پاس نہ رہیں مگر ان کی دوری کا احساس بھی میرے پاس نہ ہو۔۔۔۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024