متحدہ عرب امارات میں تاریخی شکست
سری لنکا نے دمتھ کرونارتنے اور دلرووان پریرا کی عمدہ کارکردگی کی بدولت پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں شکست دے کر سیریز میں 2-0 سے کلین سوئپ مکمل کر لیا۔
دبئی میں کھیلے گئے 317 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 52 رنز پر آدھی ٹیم کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان سرفراز احمد اور اسد شفیق نے 173 رنز کی شراکت قائم کر کے جیت کی امید پیدا کی لیکن دلرووان پریرا ایک مرتبہ پھر پاکستان کی راہ میں حائل ہو گئے اور سرفراز احمد کی قیمتی وکٹ حاصل کر کے جیت کی راہ ہموار کی۔
اسد شفیق کی 112 رنز کی اننگز بھی قومی ٹیم کو شکست سے بچانے کیلئے ناکافی ثابت ہوئی اور پاکستان کو میچ میں 68 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
دلرووان پریرا نے پانچ وکٹیں حاصل کیں لیکن میچ میں 196 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے دمتھ کرونارتنے کو میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پاکستان ٹیم کو متحدہ عرب امارات کے میدانوں میں 15 سال بعد کسی ٹیسٹ سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، اس سے قبل آسٹریلیا نے پاکستان کو 2002 میں یہاں ٹیسٹ سیریز میں شکست سے دوچار کیا تھا۔