• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

نجم سیٹھی کی کھلاڑی کو فکسنگ کی پیش کش کی تصدیق

شائع October 21, 2017 اپ ڈیٹ October 22, 2017

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی نے قومی ٹیم کے ایک کھلاڑی کو ایک فرد کی جانب سے میچ فکسنگ کی پیش کش کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاملے کوفوری طور پر آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ کو بھجوادیا گیا ہے۔

نجم سیٹھی نے ٹویٹر میں کہا کہ 'ایک کھلاڑی سے رابطہ کیا گیا تھا، قواعد کے تحت پی سی بی نے فوری طور پر آئی سی سی کو مطلع کیا'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'معاملات مشترکہ طور پر ہمارے ہاتھوں میں ہیں اس لیے مزید وضاحت کی ضرورت نہیں'۔

پی سی بی چیئرمین نے کسی کھلاڑی کا نام نہیں لیا تاہم پی سی بی میں موجود میڈیا ذرائع کہہ چکے ہیں کہ بکی کی جانب سے جس کھلاڑی کو پیشکش کی گئی تھی وہ کپتان سرفرازاحمد تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ بکی نے سرفرازاحمد سےسری لنکا کے خلاف تیسرے میچ سے قبل 17 اکتوبر کو رابطہ کیا تھا۔

مزید پڑھیں:پاک-سری لنکا سیریز: سرفراز نے بکیز کی کوشش ناکام بنادی

ذرائع کا کہنا تھا کہ سرفرازاحمد نے پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ کو معاملے سے فوری آگاہ کیا تھا جس نے آئی سی سی کو مطلع کردیا۔

اینٹی کرپشن قواعد کے مطابق کھلاڑیوں پر لازم ہے کہ وہ فکسنگ کی پیش کش پر فوری طور پر مطلع کریں ایسا نہ کرنے کی صورت میں انھیں 6 مال کی پابندی کی سزا بھی ہوسکتی ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ سزا تاحیات پابندی ہے۔

خیال رہے کہ 5 میچوں کی ایک روزہ سیریز میں پاکستان نے اب تک کھیلے گئے چاروں میچوں میں کامیابی حاصل کرکے سیریز اپنے نام کرلی ہے جبکہ سیریز کا آخری میچ 23 اکتوبر کو شارجہ میں کھیلا جائے گا۔

یاد رہے کہ رواں سال پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کے دوسرے ایڈیشن کے آغاز میں ہی اسپاٹ فکسنگ کی گونج نے پاکستان کرکٹ کو شدید جھٹکا دیا تھا جس کے نتیجے میں قومی ٹیم کے اوپنر شرجیل خان اور خالد لطیف کو ملک واپس بھیج دیا گیا تھا۔

بعد ازاں پی سی بی نے شرجیل خان کو پانچ سال اور خالد لطیف کو پانچ سال معطلی کے علاوہ 10 لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کردیا تھا۔

پی ایس ایل میں فاسٹ باؤلر محمد عرفان نے اپنی غلطی کا اعتراف کیا تھا جس کے بعد انھیں ایک سال پابندی کی سزا دی گئی تھی اور بتایا گیا تھا کہ ٹھیک طرح عمل درآمد پر ان کی سزا 6 ماہ کردی جائے گی جس کے بعد انھوں نے سزا پوری کرکے ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی کردی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024