ایشوریا رائے شاطر حسینہ بنیں گی
سابق مس ورلڈ اور بولی وڈ کی خوبصورت اداکارہ 44 سالہ ایشوریا رائے آنے والی فلم میں ایک شاطر حسینہ کے روپ میں نظر آئیں گی۔
اطلاعات ہیں کہ ایشوریا رائے ہدایت کار روہن سپی کے ساتھ 15 سال بعد رومانٹک تھرلر فلم میں جلوے دکھاتی نظر آئیں گی۔
خیال رہے کہ ایشوریا رائے اس سے قبل 2003 میں ایشوریا رائے اور ابھیشک بچن کی فلم ’کچھ نہ کہو‘ کی ہدایات دے چکے ہیں۔
اب 15 سال بعد وہ ایک بار پھر ایشوریا رائے کو رومانٹک تھرلر فلم میں کاسٹ کرکے انوکھا کارنامہ سر انجام دینا چاہتے ہیں۔
ہدایت کار روہن سپی بچن خاندان کے قریب سمجھے جاتے ہیں اور انہوں نے ابھیشک بچن کی متعدد فلموں کی ہدایات دی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایشوریا رائے کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کی کوشش ناکام
روہن سپی 2005 میں ریلیز ہونے والی رومانٹک کامیڈی فلم ’بلف ماسٹر‘ میں ابھیشک بچن کے ساتھ ایشوریا رائے کو ہی کاسٹ کرنا چاہتے تھے، تاہم عین وقت پر ان کی جگہ پریانکا چوپڑا کو کاسٹ کیا گیا۔
اب روہن سپی بچن خاندان کی بہو ادھیڑ عمر کی ایشوریا رائے کو رومانٹک تھرلر فلم میں شاطر حسینہ کے روپ میں دکھاتے نظر آئیں گے۔
بولی وڈ ہنگامہ کے مطابق ابھی ایشوریا رائے کی آنے والی فلم کا نام اور دیگر کاسٹ سے متعلق کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، تاہم ان کا کردار یقینی ہے۔
مزید پڑھیں: انیل کپور اور ایشوریا رائے 17 سال بعد ایک ساتھ نظر آئیں گے
روہن سپی کے قریبی ذرائع کے مطابق رومانٹک تھرلر فلم کا مرکزی کردار خاتون کا ہوگا، جسے ایشوریا رائے نبھاتی نظرآئیں گی۔
اگرچہ فلم میں مزید 2 مرکزی کرداروں کو بھی کاسٹ کیا جانا ہے، تاہم اہم اور مرکزی رول شاطر حسینہ ایشوریا رائے کا ہی ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رومانٹک تھرلر فلم کی شوٹنگ ہندوستان اور آسٹریلیا کے مختلف شہروں میں کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ایشوریا رائے کے بدلتے روپ
ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ اس فلم کو کب ریلیز کیا جائے گا، تاہم اسے کری ارج انٹرٹینمینٹ اور پروڈیوسر سدھارتھ آنند کی پروڈکشن کے تحت ریلیز کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ ایشوریا رائے ان دنوں اپنی آنے والی فلم ’فینے خان‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جس میں وہ 17 سال بعد انیل کپور کے ساتھ ایکشن میں نظر آئیں گی۔